جاز کیش اور کے اے ایس بی ریٹیل انویسٹمنٹ کا معاہدہ

جاز کیش اور کے اے ایس بی ریٹیل انویسٹمنٹ کا معاہدہ

  

اسلام آباد(پ ر)پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کے معروف پلیٹ فارم، جاز کیش(JazzCash) اور مشہوربروکریج فرمKASB سیکیورٹیز کے مابین سرمایہ کاری کی حامل مصنوعات اور اسٹاک مارکیٹ کی تجارت تک رسائی کو آسان بنانے جبکہ ریٹیل سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یاداشت(MoU) پر دستخط کردیے گئے ہیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران، جاز کیش کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایروان گیلبرٹ اور KASB سیکیورٹیز کے چیئرمین علی فریدخواجہ نے اس MoU پردستخط کیے۔ KASBسیکورٹیز، اسٹاک ایکسچینج، سونا، سرکاری بانڈز اورایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز میں سرمایہ کاری تک رسائی میں جاز کیش صارفین کی مددکرے گا۔ جازکیش،KASBسیکورٹیز کی مقبول سرمایہ کاری کی ایپ(KTrade) اورمالیاتی تعلیم کے پلیٹ فارم (KASB Varsity) کے ساتھ بھی مل کر کام کرے گا۔ جاز کیش صارفین کے لئے یہ نئی سروس رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں ایپ کے ذریعے دستیاب ہوجائے گی۔ اس منفرد اشتراک کا مقصد ریٹیل سرمایہ کاروں کی بنیاد کو مضبوط بناتے ہوئے مالی شمولیت کو بڑھانا ہے کیونکہ سرمایہ کاری والی مصنوعات اور معاشی معلومات تک رسائی کم ہونے کی وجہ سے ابھی تک صرف 0.1 فیصد سے بھی کم آبادی نے اسٹاک اورمیوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے، جاز کیش کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر، ایروان گیلبرٹ نے کہا کہ ”ماہانہ 12 ملین سے زیادہ فعال صارفین کے ساتھ، جاز کیش نے لوگوں کو محفوظ، قابل اعتماد اور آسان مالی خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہماری ٹیکنالوجی اورKASB سیکیورٹیز کی مارکیٹ پرمہارت کی بدولت اب ہم لاکھوں افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ اورتجارت شروع کرنے کے قابل بنانا چاہتے ہیں۔

“KASB سیکیورٹیز کے چیئرمین علی فرید خواجہ کے مطابق”شہریوں کے لئے بہترین سرمایہ کاری والی مصنوعات، تجارتی منڈیوں تک رسائی اور معلومات کی فراہمی ہمارامشن ہے۔فی الحال یہ رسائی صرف بڑے اداروں اور بڑے سرمایہ کاروں تک ہی محدود ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جازکیش کے ساتھ ہماری شراکت داری سے مالی لین دین میں اضافہ ہوگا اور پاکستانیوں کو بہتر معاشی فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ اشتراک پاکستانی منڈیوں میں سرمایہ کاری کوبڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔“

مزید :

کامرس -