راجکماری اور ان کے اباجی کی کرپشن پر براڈ شیٹ نے مہر ثبت کر دی: فردوس عاشق
اسلام آباد (جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب پورے پاکستان کا فوڈ باسکٹ تھا، شہباز شریف نے زرعی رقبوں پر رہائشی کالونیوں کی پالیسی اپنائی۔سوشل میڈیا پر اپنے ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب جیسے خوشحال زرعی معیشت کے حامل صوبے کو صنعتی صوبہ بنانے کے نام پر لوٹا گیا، نتیجہ یہ نکلا کہ اب ہمارا صوبہ نہ زرعی رہا نہ صنعتی، جعلی راجکماری بھی کہتی تھی اس کی کوئی جائیداد نہیں، پتہ چلا شہزادی کے نام پر ہزاروں ایکڑ زمین موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب کے کسانوں کی اپنے حقوق کے لیے حکومت سے لڑائی جاری ہے، وہ چھوٹا سا صوبہ پورے بھارت کے لئے خوراک پیدا کرتا ہے اور مختلف اجناس ایکسپورٹ بھی ہوتی ہیں مگر ہمارے لالچی اور خود غرض حکمرانوں نے صوبے کی زمینیں ہتھیا کر کسان کو بے حال اور پاکستانی پنجاب کو بنجر کر دیا۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ اس موقع پرعثمان بزدار نے معان خصوصی کوپی ڈی ایم کے شرانگیز بیانیے کا بھر پور جواب دینے کی ہدایت کی اورکہا کہ حکومت کی کارکردگی اورفلاح عامہ کے منصوبوں کو موثر انداز سے اجاگرکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ نے سابق حکمرانوں کو ایک بار پھر بے نقاب کیا ہے۔منفی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔اپوزیشن جماعتوں کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو ہر سطح پر موثر انداز سے سامنے لائیں گے۔کارکردگی کے ذریعے پی ڈی ایم کو کلین بولڈ کردیا ہے۔پی ڈی ایم کا وجود آخری ہچکیاں لے رہا ہے۔ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ٹولے کی آنکھوں پر کالی پٹی بند چکی ہے۔براڈ شیٹ نے سابق حکمرانوں کے کالے کرتوتوں کا پردہ فاش کیا ہے۔براڈ شیٹ نے سابق حکمرانوں کو چارج شیٹ کیا ہے۔ 22 کروڑ پاکستانی سرٹیفائیڈلٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے ساتھ کرپشن کے وائرس کے خاتمے کیلئے بھی پرعزم ہیں۔سابق حکمرانوں نے ہر سطح پر کرپشن کے وائرس کو پھیلایا۔راجکماری اوران کے ابا جی کی کرپشن پر براڈ شیٹ نے مہر ثبت کردی ہے۔یہ کل بھی چور تھے، آج بھی ہیں اورکل بھی رہیں گے۔کنیزاول نے آج جھوٹ کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔عوام جانتے ہیں کہ ملکی دولت کو کس نے بے دردی سے لوٹا۔ملک کو کنگال کرنے والوں کواپنے کیے کا حساب دینا ہوگا۔
فردوس عاشق