بیگناہ اسامہ ستی کو ناحق قتل کیا، اے ٹی ایس اہلکاروں کا اعتراف جرم، وزیراعظم کی اہل خانہ کو انصاف فراہمی کی یقین دہانی 

    بیگناہ اسامہ ستی کو ناحق قتل کیا، اے ٹی ایس اہلکاروں کا اعتراف جرم، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم سے پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے قتل اسامہ ستی کے والدین نے ملاقات کی ہے جس میں عمران خان نے اہل خانہ کو شفاف تحقیقات اور انصاف فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔دوسری جانب شیخ رشید نے اسامہ ستی کے والد کو فون کیا اور قتل واقعہ کی انکوائری رپورٹ پر بات چیت کی۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے انکوائری کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کو دیکھ لیں،آپ  انکوائری رپورٹ سے مطمئن ہیں تو اس کو آگے بجھوایا جائے گا۔ وزیراعظم اور کابینہ کا فیصلہ ہے اسامہ ستی کے والد جس طرح تحقیقات کروانا چاہیں حکومت پوری مدد کرے گی، اگر ہائیکورٹ کے جج سے انکوائری کروانی ہے تو آپ کے جواب کا منتظر ہوں، اطلاع دیں تو وزارت داخلہ کی طرف سے وزارت قانون کو خط لکھوں گا۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس)کے اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان اسامہ ستی کے قتل کیس میں تفتیشی افسر نے کہا ہے کہ ملزمان اعتراف کر رہے ہیں کہ ان کے ہاتھوں بے گناہ شہری کی جان گئی۔ وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جج راجا جواد عباس نے اسامہ ستی قتل کیس کی سماعت کی، جہاں گرفتار پانچوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان کو میڈیا سے منہ چھپاکر عقبی دروازے سے عدالت میں لایا گیا، اس دوران سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات نظر آئے۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5روز کی توسیع کی استدعا کی اور کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان اعتراف کر رہے ہیں کہ ان کے ہاتھوں بے گناہ شہری کی جان گئی، جس پر جج نے پوچھا کہ کیا آپ نے ملزمان کا بیان قلمبند کر لیا ہے، اس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ تاحال ملزمان کا مجسٹریٹ کے سامنے بیان قلمبند نہیں ہو سکا۔ بعد ازاں عدالت نے تفتیشی افسر کی ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا منظور کرلی۔
اعتراف جرم

مزید :

صفحہ اول -