ضمنی انتخابات‘ کورونا وباء کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
پشاور (سٹی رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45کرم اور صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ کی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے کورونا وباء کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لئے ایس او پی جاری کردی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران و ریٹرنگ افسران کو ایس او پی پر عمل در آمد یقینی بنانیکی ہدایت کی ہے 19 فروری 2021کو ہنوایوالے ضمنی انتخابات میں عوام کی حفاظت کے لئے ڈی آر اوز اور آر اوز کو ہدایت کی گئی ہے، کہ نیشنل کمانڈ آپریشن ((NCOC اور ضلع کی سطح پر انتظامیہ و دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ میں رہیں اور امیدواروں کو ہدایات دیں کہ ان کی گھر گھر انتخا بی مہم کے دوران سماجی فاصلے ہینڈ سینیٹائزر اور فیس ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں، ایس او پی میں کہا گیا ہے، کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کے دفاتر میں بھی ہینڈ سینیٹائزر اور فیس ماسک کے استعمال یقینی بنایا جائے، انتخابی مواد کی تقسیم کے دوران بھی پولنگ سٹاف کو فیس ماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ ایس اوپیز کے مطابق ووٹرز سے کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن میں بھی سماجی فاصلہ اور فیس ماسک کا استعمال کریں، اسی طرح پولنگ اسٹاف کو بھی ہدایت کی گئی ہے، کہ وہ بھی سماجی فاصلہ رکھیں اور ووٹرز کو حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا جائے، اسی طرح انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کے لئے ریٹرنگ افسران سے کہا گیا ہے۔ کہ اس دوران بھی کورونا وباء کے پیش نظر ایس او پی پر عمل در آمد یقینی بنائیں تاکہ پولنگ کا عمل خوشگوار ماحول اور پرامن انداز میں تکمیل تک پہنچے۔ یاد رہے این اے 45 کرم میں ایک امیدوار نے کاغذات کی نا منظوری کے خلاف اپیل اپیلیٹ ٹرائیبونل کے پاس داخل کی ہے، جس پر فیصلہ 18جنوری تک کیا جائیگا، جبکہ شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 20جنوری تک واپس لے سکیں گے اور اُمیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 21جنوری کو اُمیدواروں کو نشانات الاٹ کئے جائینگے۔