’محمد عامر کیلئے نجم سیٹھی سے لڑا کیونکہ۔۔۔‘ وقار یونس نے ایک اور انکشاف کر دیا

’محمد عامر کیلئے نجم سیٹھی سے لڑا کیونکہ۔۔۔‘ وقار یونس نے ایک اور انکشاف کر ...
’محمد عامر کیلئے نجم سیٹھی سے لڑا کیونکہ۔۔۔‘ وقار یونس نے ایک اور انکشاف کر دیا
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے محمد عامر پر ماضی کے احسان جتلاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں سپورٹ کیا اور ان کے کم بیک کی حمایت میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی سے بھی لڑا۔ 

تفصیلات کے مطابق وقار یونس نے کہا کہ سپاف فکسنگ سکینڈل میں سزا پوری کرنے کے بعد محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی کا معاملہ ہوا تو ناصرف پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کیساتھ لڑا بلکہ دیگر کرکٹرز سے بات کی کہ عامر کو کیریئردوبارہ شروع کرنے کیلئے دوسرا موقع ملنا چاہیے لیکن اب فاسٹ باؤلر کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات افسوسناک ہیں۔

باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ اچھا اور برا وقت کسی پر بھی آ سکتا ہے، فارم میں نہ ہوں تو دنیا بھر کے کرکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر واپسی کیلئے کوشش کرتے ہیں، ان کیلئے بھی یہی راستہ تھا لیکن انہوں نے جس انداز میں کرکٹ چھوڑی اس کا افسوس ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے میری جذباتی وابستگی مگر اسی پر دنیا ختم نہیں ہوجاتی، دیگر معاملات کو بھی دیکھنا پڑتا ہے۔

دورہ نیوزی لینڈ ادھورا چھوڑ کر واپسی کے سوال پر وقار یونس نے کہا کہ ٹیم کو چھوڑ کر آنے کی بات جس انداز میں ہورہی ہے وہ درست نہیں، میں بے پناہ مصروفیات کے دوران 7 ماہ تک اپنی فیملی سے نہیں مل سکا تھا، دورہ نیوزی لینڈ سے قبل بورڈ سے چھٹی کی بات کی تھی اس لئے پاکستان آیا، اب پھر مصروفیات کا سلسلہ شروع ہورہا ہے،میں ہمیشہ ملک کیلئے کھیلا ہوں، پہلے کبھی ٹیم چھوڑ کر گیا نہ اب جاﺅں گا۔ 

مزید :

کھیل -