شاہد خان آفریدی نے اپنی خوشی کی سب سے بڑی وجہ بتا دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی کو کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کی فرنچائز مظفر آباد ٹائیگر کی لانچنگ تقریب میں شاہد خان آفریدی، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، سینیٹر فیصل جاوید، سینیٹر طلحہ محمود اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر گل نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں شاہد خان آفریدی نے کہا کہ کے پی ایل کا برانڈ ایمبیسڈر بننے سے زیادہ خوشی کوئی اور لیگ کھیل کر نہیں ہوئی، اس لیگ کے ذریعے آزاد کشمیر میں کرکٹ کیساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں بھی کام کیا جائے گا۔
شاہد آفریدی نے کشمیر پریمیر لیگ کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیر میں ٹیلنٹ بھرا پڑا ہے، کشمیر میں کرکٹ اکیڈمی بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں اور جب تک اکیڈمیاں نہیں ہوں گی ٹیلنٹ سامنے نہیں آئے گا۔
تقریب سے خطاب میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان نے جس انداز سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اور اقدامات کررہے ہیں، کشمیر پریمیر لیگ بھی مسئلہ کشمیر کو جاگر کرنے کی باعث بنے گی جبکہ فیصل جاوید نے کہاکہ پاکستان میں کرکٹ کا جنون ہے اور جو آزاد کشمیر میں ٹیلنٹ ہے اگر وہ سامنے آ گیا تو دنیا حیران ہوجائے گی۔