کیا ملکی سیاست میں کچھ بڑا ہونے جا رہا ہے؟ 5 وفاقی وزرا کی غیر معمولی پریس کانفرنس نے سوالات کھڑے کردیے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) کیا ملکی سیاست میں کچھ بڑا ہونے جا رہا ہے ؟ عمران خان کی کابینہ کے پانچ بڑے اور اہم ترین وفاقی وزرا کی غیر معمولی پریس کانفرنس نے سوالات کھڑے کردیے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پانچ وفاقی وزرا کی ہنگامی پریس کانفرنس سے صحافیوں کو بھی حیران پریشان کردیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری ، وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ہنگامی پریس کانفرنس کی۔
پانچ وفاقی وزرا کے یوں اچانک پریس کانفرنس کرنے پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا سیاست بند گلی میں داخل ہوگئی ہے؟ جس کا جواب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہنستے ہوئے دیا اور کہا کہ پاکستان کی سیاست میدان میں آگئی ہے، یہ بند گلی میں لے جانا چاہتے ہیں ہم چوک اور چوراہے میں آگئے ہیں، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔