”تحریک انصاف نے امریکہ میں اپنے نمائندوں کو غیر قانونی فنڈنگ کا ذمہ دار ٹھہرا دیا “ مقامی اخبار نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

”تحریک انصاف نے امریکہ میں اپنے نمائندوں کو غیر قانونی فنڈنگ کا ذمہ دار ...
”تحریک انصاف نے امریکہ میں اپنے نمائندوں کو غیر قانونی فنڈنگ کا ذمہ دار ٹھہرا دیا “ مقامی اخبار نے تہلکہ خیز دعویٰ کردیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )مقامی اخبار ’ڈان‘نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سکروٹنی کمیٹی کی جانب سے دئیے گئے سوالنامے کا جواب دیتے ہوئے موقف اپنا یا ہے کہ عمران خان کی تحریری ہدایت کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی دو امریکی کمپنیوں نے کوئی فنڈز غیر قانونی طور پر اکٹھے کیے ہیں تو اس کی ذمہ داری ان کمپنیوں کا انتظام سنبھالنے والے ایجنٹس پر عائد ہوتی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے امریکہ میں غیر قانونی فنڈنگ سے انکار کیا تھا ۔

رپورٹ کے مطابق ای سی پی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے اکاونٹس کی سکروٹنی کا عمل تیز کرنے کی حالیہ ہدایات کے بعد ملاقات کی جو مارچ 2018 سے جاری ہے۔تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس اس جماعت کے ایک بانی رکن اکبر ایس بابر نے نومبر 2014 میں دائر کیا تھا۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ بدھ کے اجلاس میں درخواست گزار کے وکیل سید احمد حسین شاہ نے کمیٹی کی جانب سے اپنے موکل کو پی ٹی آئی کی مالی دستاویز فراہم کرنے سے انکار پر احتجاج کیا۔ان دستاویز میں پی ٹی آئی کی 23 بینک اسٹیٹ منٹس بھی شامل ہیں جو سٹیٹ بینک کی ہدایات پر موصول ہوئی تھیں اور الیکشن کمیشن کے پاس پوشیدہ ہیں۔

سید احمد حسین شاہ کی معاونت اقبال چودھری نے کی، احمد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ دستاویز دینے سے انکار کر کے کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے 30 مئی 2018 کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے دستاویزات اورسکروٹنی کے عمل کو خفیہ رکھنے کی درخواست کو مسترد کردیا گیا تھا۔کمیٹی کے چیئرمین نے آگاہ کیا کہ پی ٹی آئی کی بینک اسٹیٹ منٹس اور دیگر دستاویزات پی ٹی آئی کے تحفظات پر درخواست گزار کو نہیں فراہم کیے جارہے۔جس پر درخواست گزار اکبر ایس بابر نے شکایت کی کہ جن کے خلاف تفتیش کی جارہی ہو وہ ہی اس سارے عمل کا انتظام سنبھالیں تو سکروٹنی اور تحقیقات کس طرح شفاف اور آزادانہ ہوسکتی ہے۔

مزید :

قومی -