کراچی کے حقوق کی مہم،جماعت اسلامی نے دھرنوں کا اعلان کردیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی نے کراچی کے حقوق کی مہم کا اعلان کرتے ہوئے دھرنوں کا اعلان کردیا ہے،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ کل(جمعہ کو) نرسری اسٹاپ پر دھرنا ہوگا 16 جنوری کو فائیو اسٹار چورنگی 17 جنوری کو الہ دین پارک 30 جنوری کو کریم آباد جبکہ 28 جنوری کو شہر کے 50 کے قریب مقامات پر دھرنے دئیے جائیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )کراچی دشمنی کا ثبوت دے رہی ہیں،پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی )کے لوگ چائنہ کٹنگ میں ملوث رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کراچی کو صوبے کا حصہ ہی نہیں سمجھتی ، نہ ملازمتیں دی جا رہی ہیں اور نہ ادارے ٹھیک کئے جارہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا کہ کراچی کی آبادی تین کروڑ ہے اسے درست گنا جائے۔ وزیر اعظم نے کراچی کے لئے گیارہ سو ارب پیکج کا اعلان کیا جس کا کراچی کے شہریوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا جبکہ جماعت اسلامی نے اس شہر کی تعمیر و ترقی میں کرادر ادا کیا، کورونا وائرس کے دنوں میں عوام کا ساتھ دیا۔