ماہر نفسیات نے انٹرنیٹ پر سچا پیار ڈھونڈنے کا صحیح طریقہ بتادیا

ماہر نفسیات نے انٹرنیٹ پر سچا پیار ڈھونڈنے کا صحیح طریقہ بتادیا
ماہر نفسیات نے انٹرنیٹ پر سچا پیار ڈھونڈنے کا صحیح طریقہ بتادیا

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیٹنگ ایپلی کیشنز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ عارضی محبت کی تلاش کے لیے ہی ہوتی ہیں تاہم اب ایک ماہر نفسیات نے ان ایپس سے سچا پیار تلاش کرنے کا صحیح طریقہ بھی بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس ماہر نفسیات کا نام لوگن اورے ہے جو ڈیٹنگ ایپلی کیشن ’ہنج‘ (Hinge)کے ڈائریکٹر آف ریلیشن شپ سائنس ہیں۔ انہوں نے اپنی نئی کتاب میں بتایا ہے کہ انٹرنیٹ پر بھی طویل مدتی محبت کی تلاش ممکن ہے اور اس کے لیے ایک واحد اصول ہے کہ آپ بے صبرے اور چڑچڑے مت ہوں۔ ڈیٹنگ ایپلی کیشنز سے آپ کو طویل مدتی محبت کی تلاش میں چند بار ناکامی ہوتی ہے تو آپ کو ان ایپلی کیشنز سے اکتا نہیں جانا چاہیے۔

لوگن اورے کا کہنا تھا کہ ”جب ہم کسی سے ڈیٹ پر جاتے ہیں تو ہم اس کے متعلق ایک چیک لسٹ ذہن میں لیے ہوتے ہیں کہ وہ 6فٹ قد کا مالک ہو گا، اس کی لاکھوں میں آمدنی ہو گی، اس نے اچھا لباس پہن رکھا ہو گا وغیرہ وغیرہ۔ درحقیقت ہمیں اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ کس طرح کا پارٹنر طویل مدتی تعلق کے حوالے سے ہمارے لیے بہتر ہو گا۔ عام طور پر ہم اپنے پارٹنر میں جن خوبیوں کی توقع کر رہے ہوتے ہیں، جب ہمیں کسی سے محبت ہوتی ہے تو اس میں وہ خوبیاں نہیں ہوتیں۔ چنانچہ ہمیں طویل مدتی تعلق کے لیے اپنے پارٹنر سے توقعات کچھ کم رکھنی چاہئیں اور کسی کے ساتھ بھی پہلی ملاقات میں ہی منطقی نتیجے تک نہیں پہنچ جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ دوسری ملاقات لازمی کرنی چاہیے کیونکہ پہلی نظر میں محبت اگرچہ حقیقت ہے مگر ایسا تجربہ کم ہی لوگوں کو ہوتا ہے۔ 

لوگن اورے مزید لکھتے ہیں کہ”ڈیٹنگ ایپلی کیشنز پر اپنی پروفائل میں اپنی تصاویر پوسٹ کرنے میں بھی احتیاط کرنی چاہیے۔ ایسی تصاویر پوسٹ کریں جن میں آپ اکیلے ہوں اور ایسے کام کر رہے ہوں جنہیں آپ پسند کرتے ہیں۔ صرف ایک تصویر ایسی پوسٹ کریں جس میں آپ اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ ہوں۔ا س سے آپ کی ڈیٹ کو پتا چلے گا کہ آپ اچھی سماجی زندگی گزار رہے ہیں۔“لوگن اورے کہتے ہیں کہ ”جب آپ کسی سے پہلی ملاقات پر جائیں تو ’آپ کیسے ہیں؟‘ اور ’آپ کہاں رہتے ہیں؟‘ جیسے جملوں سے شروعات کرنے کی بجائے گفتگو کا آغاز ایسے فقروں سے کریں جیسے آپ بے تکلف دوستوں سے کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ جاتے ہی کہیں کہ ’آپ اندازہ نہیں کر سکتے کہ آج میرے ساتھ کیا ہوا‘۔ اس طرح آپ اپنی ڈیٹ کے ساتھ جلد بے تکلف ہو جائیں گے۔ 

مزید :

ڈیلی بائیٹس -