بی ایس آنرز کی ڈگری یافتہ لڑکی کے ساتھ اپنے ہی بھائی نے ایسا سلوک کردیا کہ جان کر آپ کو بھی شدید رنج ہوگا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کاہنہ پولیس نے ویلنشیا ٹاون میں گھر میں چار سال سے قید لڑکی کو بازیاب کرواتے ہوئے اسکے بھائی کو گرفتار کرلیا،لڑکی کو اسکے بھائی نے جائیداد ہتھیانے کے لئے قید کررکھا تھا۔
پولیس کے مطابق جمیل نامی شخص نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک لڑکی کو اس کے ہمسائے میں گھر میں قید کرکے رکھا گیا ہے،ہما نامی لڑکی بیچلر آف سائنس (بی ایس آنرز)کرچکی ہے، جسے جائیداد کے لیے بھائی نے قید کر رکھا ہے۔لڑکی نے کھڑکی سے ہمسائے چوہدری جمیل سے مدد مانگی اور تمام ماجرہ بتایا ۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے لڑکی کو بازیاب کرواتے ہوئے اسکے بھائی کوگرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق لڑکی کا کہنا ہے کہ میرے بھائی نے مجھے پاگل قرار دیا ہے اور جھوٹے سرٹیفکیٹ بھی بنوا رکھے ہیں جبکہ میں ٹھیک ہوں۔ متاثرہ لڑکی کو دارالامان منتقل کردیا گیا ہے،لڑکی کا ذہنی ٹیسٹ کروایا جائے گا جس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔