ہندوستان میں داعش کےٹریننگ کیمپ موجود  ، بھارت کے خلاف ملنے والے شواہد عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں:سینیٹر رحمان ملک

ہندوستان میں داعش کےٹریننگ کیمپ موجود  ، بھارت کے خلاف ملنے والے شواہد عالمی ...
ہندوستان میں داعش کےٹریننگ کیمپ موجود  ، بھارت کے خلاف ملنے والے شواہد عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں:سینیٹر رحمان ملک

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ بھارت خود عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی پرورش کر رہا ہے اور بھارت میں داعش کے باقاعدہ ٹریننگ کیمپ بھی موجود ہیں،ہزارہ برادری پر ہونے والے حملوں،بلوچستان میں پھیلائی جانے والی بد امنی اور عالمی سطح پر بھارت کے خلاف ملنے والے شواہد عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں، بلوچستان میں داعش عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں،وزارت داخلہ اس سلسلے میں کمیٹی کو تفصیلی رپورٹ پیش کرے اور اب تک جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں اُس پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے۔

 قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں مودی کے مظالم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،ہم کشمیریوں کے حقوق کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے۔کورونا وباء سے تحفظ کیلئے ویکسین پر بات کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ اگر چہ ویکسین دنیا کیلئے ایک اچھی اور خوش آئند پیش رفت ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی سرکار کے ہاتھوں اس سہولت سے بھی محروم رہیں گے لہذاہمیں خود مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو یہ سہولت فراہم کرنی ہو گی۔

اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں زونبی کے نام سے ایک نشہ متعارف کرایا جا رہا ہے جو کہ انتہائی خطرنا ک نشہ ہے جس سے بچے عجیب و غریب حرکا ت شروع کر دیتے ہیں اور اپنا ذہنی توازن برقرار نہیں رکھ پاتے،اس گھناؤنےجرم میں ملوث عناصرکےخلاف کارروائی کی اَشد ضرورت ہے،قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے۔ کمیٹی کو ایف آئی اے حکام نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا کرنے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قلت اور زخیرہ اندوزی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔حکام نےبتایاکہ کورونا وباءکےدوران  پیٹرولیم مصنوعات  کی ڈیمانڈ میں خاطرخواہ کمی ہوئی، پیٹرولیم مصنوعات  ہر دور میں کسی نہ کسی مسئلے سے دو چار رہے ہیں،حکومت کو چاہئے کہ جہاں پیٹرول کی کمی ہو وہاں اسے نہ صرف پورا کیا جائے بلکہ جو اناثر مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہوں اُن کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

  سینیٹر جاوید عباسی نے اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی بد امنی اور جرائم کی جانب کمیٹی کی توجہ مبزول کراوتے ہوئےکہا کہ پولیس کا کام عوام کی حفاظت کرنا ہے جبکہ یہاں پولیس نے ایک نہتے طلب علم کو جان سے مار ڈالا اور اسکے والدین انصاف انتظار میں ہیں۔ کمیٹی کے چیئرمین نے اسلام آباد کی امن و امان کی صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو اگلے اجلاس میں طلب کر لیا۔ سینیٹر میاں عتیق شیخ نے بھی کہا کہ  اُسامہ ستی قتل کیس کے حقائق چھپانے کی کوشش نہ کی جائے اور اس کی غیر جانبدارنہ انکوائری کرائی جائے۔اجلاس میں سینیٹر ز جاوید عباسی، میاں عتیق شیخ کے علاوہ وزارت داخلہ، وزارت پیٹرولیم و ایف آئی اے اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -