کشمیریوں کو  پتا چل چکا کہ مودی کا یاراور ایجنٹ  کون ہے ؟ سردار  تنویر الیاس نے احسن اقبال کو کرارا جواب دے دیا 

 کشمیریوں کو  پتا چل چکا کہ مودی کا یاراور ایجنٹ  کون ہے ؟ سردار  تنویر الیاس ...
 کشمیریوں کو  پتا چل چکا کہ مودی کا یاراور ایجنٹ  کون ہے ؟ سردار  تنویر الیاس نے احسن اقبال کو کرارا جواب دے دیا 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) جیتے گی اور اللہ کے فضل سے کلین سویپ کرے گی ، مسلم لیگ ن نے اپنی واضح  شکست کو  دیکھتے ہوئے ابھی سے دھاندلی کا واویلہ شروع کردیا ہے ، شور مچانے سے آزاد کشمیر کے غیور عوام چوروں اور لٹیروں کے جھوٹے نعروں اور کھوکھلے دعوؤں پر اب اعتبار نہیں کریں گے ، مودی کے دست راست سجن جندال سے مری میں خفیہ ملاقاتیں کرنے والی جماعت اس بات کو جان لے کہ کشمیریوں کو اس حقیقت کا پتا چل چکا ہے کہ مودی کا یاراور ایجنٹ  کون ہے؟آزاد کشمیر میں سیاسی و سماجی رہنماؤں کا جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہونا وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی کو بھارتی ایجنڈا مسلط نہیں کرنے دیں گے ،کسی نے انتخابات میں زور زبردستی کی تو کشمیری عوام ایسے عناصر کا ناطقہ بند کردیں گے ،ماضی کی حکمران جماعتوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کا استحصال کیا ہے ،اب الیکشن قریب آتے ہی ان سیاسی مداریوں کو کشمیریوں کے دکھ درد یاد آ گئے ہیں ، اپنے ادوار میں انہیں عوام کی خدمت کرنے سے کس نے روکا ہوا تھا ؟۔اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن میں ن لیگ کو عوام نے ان کی اوقات یاد دلا دی ہے لیکن یہ اتنے کم ظرف اور ڈھیٹ ہیں کہ عوام کے ہاتھوں شرمناک دھلائی کے بعد شرمندہ ہونے اور اپنے ماضی کےگناہوں کی معافی مانگنے کی بجائے آزاد کشمیر کی غیور قوم کو بیوقوف بنانے کے لئے پینترے بدل بدل کر سامنے آ رہے ہیں ۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی ،اِنہیں یاد رکھنا چاہئے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ووٹ کی عزت ضرور ہے لیکن کسی چور کی کوئی عزت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ  پاکستان کی سلیکٹڈ حکومت کی طرز پر گلگت بلتستان میں بھی سلیکٹڈ حکومت مسلط کی گئی اور اگر آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو وہ مودی کا ایجنٹ ہو گا،میں خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ اگر کسی نے آزاد کشمیر کے الیکشن میں ایسا کرنے کی کوشش کی تو وہ مودی کا ایجنٹ ہو گا چونکہ کشمیر میں اگر کوئی تنازع پیدا ہوا تو اس فائدہ بھارت کو پہنچے گا ،لہٰذا میں وفاقی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو وارننگ دینا چاہتا ہوں کہ خدا کے لیے پاکستان کے مستقبل سے نہ کھیلیں، مسلم لیگ (ن) کشمیر کے الیکشن میں ایک، ایک پولنگ سٹیشن اور ہر انتخابی مرحلے پر جا کر نگرانی کرے گی اور ہم کسی کو ووٹ چرانے نہیں دیں گے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -