جنوبی افریقہ کے کوچ نے دورہ پاکستان سے قبل بڑا بیان دے دیا
جوہانسبرگ(ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، ان کی ٹیم کی توجہ صرف کرکٹ پر ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مارک باؤچر نے پاکستانی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے پورا اعتماد ہے، ہمیں وہاں پہنچ کر صرف اور صرف کرکٹ کھیلنی ہے۔ بھارت اور سری لنکا کی نسبت پاکستان میں وکٹیں فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار ہوتی ہیں، کورونا کے حالات اورسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر( ایس او پیز )کی وجہ سے دیکھنا ہوگا کہ کیا حکمت عملی اختیار کرنی ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے کل(جمعہ کو) کراچی پہنچے گی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔