شدید دھند،پروازیں منسوخ،موٹرویز بند،مسافر ٹرینو ں کا شیڈول متاثر
لاہور (کر ائم رپو رٹر) دھند کی شدت میں اضافے کے بعد شہر میں فضائی، ٹرین اور روڈ آپریشن بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کی رات سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ دھند کے باعث بند ہونے کی وجہ سے طیاروں کی لینڈنگ روک دی گئی۔ جبکہ ٹیک آف کرنیوالی پروازوں کو اڑان کی اجازت دی گئی۔ دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہونے سے چار پروازیں منسوخ اور 22 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔ تاہم جمعرات کی دوپہر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حد نگاہ بہتر ہونے کے بعد ایئرپورٹ فضائی آپریشن کیلئے کھول دیا گیا مگر طیاروں کو صرف ٹیک آف کرنے کی اجازت دی گئی بیرون ممالک سے آنے والی 3 پروازیں لینڈنگ کے انتظار میں لاہور ایئرپورٹ کی فضائی حدود کے چکر کاٹتی رہیں۔ دھند کے باعث کراچی، کوئٹہ اور لاہور کے درمیان چلنے والی متعدد مسافر ٹرینیں بھی اپنے مقررہ شیڈول سے گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں جس کے نتیجے میں مختلف مسافر ٹرینیں 2سے 5 گھنٹوں کی تاخیر کے ساتھ لاہور پہنچیں جبکہ جمعرات کی صبح حد نگاہ بہتر ہونے پر موٹروے پولیس نے موٹروے ایم ٹو کو 13 گھنٹوں اور موٹروے ایم تھری کو 16 گھنٹے کی بندش کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا۔
شدید دھند