سائنس کا انقلاب ہمارا مستقبل، عوام کی خوشحالی اولین ترجیح،شبلی فراز

 سائنس کا انقلاب ہمارا مستقبل، عوام کی خوشحالی اولین ترجیح،شبلی فراز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے پاکستان سائنس ایکسپو کو ایک بڑا ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایکسپو کے انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت پیغام جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائنس کا انقلاب ہمارا مستقبل ہے اور پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پاکستان سائنس ایکسپو 28 اور29جنوری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سائنس ایکسپو کے80فیصد سے زائد سٹالز پہلے ہی بک ہوچکے ہیں،پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں ہونے والی ایکسپو میں قومی اور غیر ملکی شخصیات، اراکین پارلیمنٹ، سرکاری افسران، نجی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز اور سی ای اوز، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، صنعتی رہنما، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ، سکالرز، محققین اور سائنسدان شریک ہوں گے۔ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ ایکسپو کو کامیاب بنانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ پاکستان سائنس ایکسپو ملک کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی ایکسپو ہے جس کا مقصد پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز، سائنس سوسائٹیوں، طلبہ، یونیورسٹیوں اور محققین کی کامیابیوں کو ظاہر کرنا ہے، اس کا انعقاد حکومت، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کیلئے کیا جارہا ہے۔ ایکسپو مختلف اداروں اور تنظیموں کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں کامیابیوں کو پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
شبلی فراز 

مزید :

صفحہ آخر -