پی ایچ اے کو باغوں میں گند پھیلانے پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز 

پی ایچ اے کو باغوں میں گند پھیلانے پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائی کورٹ نے سموگ تدارک کے لئے دائر درخواست پرپی ایچ اے کو باغوں میں گند پھیلانے پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز دے دی،عدالت نے لاہور میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے لئے درختوں کو کاٹنے سے بھی روک دیا،عدالت نے لیسکو کو مرمتی کام کے لئے پی ایچ اے کی معاونت کے بغیر درختوں کی کٹائی نہ کرنے کاحکم دے دیا،عدالت نے قراردیا کہ کثیر المنزلہ عمارتوں پر پودے لگانے کا حکم دیاجاچکا ہے،ایل ڈی اے کثیر المنزلہ عمارتوں کی چھتوں پودے نہ لگانے والوں کو نوٹس جاری کرے،عدالت نے کثیر المنزلہ عمارتوں کی چھتوں پر سولر پینلز بھی لگانے کا حکم دے دیا،مسٹرجسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ چھتوں پر کنکریٹ کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے، عدالت نے تجاوزات کیسز کی سماعت کے لئے فل ٹائم مخصوص جوڈیشل مجسٹریٹ کی تقرری پر عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی ،عدالت میں پی ایس ایل،ہارس اینڈ کیٹل شو اور پاک آسٹریلیا سیریز کے لئے ٹریفک پلان بھی عدالت میں پیش کردیاگیا،اس بابت رپورٹ میں کہا گیاہے کہ پی ایس ایل اور ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوران مکمل سٹرکیں بند نہیں کی جائیں گی بلکہ سگنل ٹو سگنل فری ٹریفک کے پلان پر عمل کیا جائے گا،فاضل جج نے قراردیا کہ آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کو سربمہر کیا جاتا ہے اور کچھ دن بعد دوبارہ خلاف ورزی شروع ہو جاتی ہے، محکمہ ماحولیات کے کسی افسر سے ساتھ مل کر ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی شروع ہو جاتی ہے، اگر دوبارہ قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جوڈیشل کمیشن کے فوکل پرسن سید کمال حیدر نے عدالت میں رپورٹ پیش کی کہ پی ایس ایل 7 اور ہارس اینڈ کیٹل شو کے لئے ٹریفک پلان مرتب کر دیا گیا ہے، دونوں ایونٹس کے دوران کسی بھی قسم کی ٹریفک متاثر نہیں ہو گی، پی سی بی ماحولیاتی آلودگی روکنے کیلئے ٹریفک پلان میں معاونت کرے گی، عدالت کوبتایاگیا کہ پی ایس ایل کھلاڑیوں کی سٹیڈیم آمد کے موقع پر لاہور کی مکمل سٹرکیں بند نہیں کی جائیں گی،پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کو ہوٹل سے سٹیڈیم تک سگنل ٹو سگنل ٹریفک فری فراہم کی جائے گی تاہم آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم  کے لئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کے پیش نظر آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کی ہوٹل سے سٹیڈیم تک آمد کے وقت سٹرکیں مکمل بند کرناپڑیں گی،عدالت کوبتایا گیا کہ اینٹی سموگ سکواڈ نے 259 صنعتی یونٹس کو سربمہر کیا، عدالت نے کہا یہ کوئی طریقہ نہیں کہ آپ چیک کر کے دو دن کے لیے یونٹ بند کردیں جو بعد میں ملی بھگت سے کھول دیاجاتاہے،گلبرگ سیوریج اور ٹاؤن شپ کے گندے نالے کو ڈھکنے کیلئے پلان تیار ہے جس پرمنظور ی کے بعد عمل شروع ہو گا، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا باغ جناح پی ایچ اے کے پاس ہے؟ باغ جناح میں تو بہت گند ہوتا ہے، عدالتی معاون نے کہا میں تو باغ جناح میں سیر کرتا ہوں، فاضل جج نے کہا آپ وہاں سیر کرتے ہیں تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ وہاں گند نہیں ہے، پی ایچ اے کے وکیل نے کہاباغ جناح کی صفائی کو مزید بہتر کر لیتے ہیں، جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ باغ جناح میں گند پھیلانے پر کم از کم 100 روپے جرمانہ مقرر کر دیں۔
تجویز

مزید :

صفحہ آخر -