غیر قانونی نمبر پلیٹ پر چالان کی بجائے مقدمہ درج ہوگا، سی ٹی او
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر، سپیشل رپورٹر)سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ جعلی، بوگس، غیر قانونی طور گرین نمبر پلیٹس اور نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر چالان کی بجائے مقدمہ درج ہوگا، مقدمات موٹروہیکل آرڈنینس 97 اے کے تحت درج ہونگے، جس کے مطابق بوگس، نمبرپلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو دو سال قید، دو لاکھ تک جرمانہ ہوسکتا ہے جبکہ مینوفیکچررز کو ایک سال قید اور ایک لاکھ تک جرمانہ پر ہوسکتا ہے، آج، کل اور اتوار تک شہریوں کو بھرپور آگاہی دی جائے گی جبکہ نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن سوموار سے ہوگا، منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ کارروائی کیلئے ٹریفک پولیس اور محکمہ ایکسائز کی 17 مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، سی ٹی او لاہور نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نمبر پلیٹس پر ٹیمپرنگ، جعلی اور واضح نمبر نہ ہونے پر کوئی عذر قبول نہیں ہوگا، البتہ ایسی تمام وہیکلز جن پر نمبر پلیٹس ایکسائز کے نمونے کے مطابق لگیں ہیں، انہیں چالان نہیں کیا جائے گا- نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن سے نہ صرف ٹریفک کے نظم و ضبط میں بہتری آئے گی بلکہ جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ سخت قانونی کارروائی کیلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ایسی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے، شہری پریشانی سے بچنے کیلئے محکمہ ایکسائز کے نمونہ کے مطابق نمبر پلیٹس لگائیں۔