ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی اور لاہور پولیس کا مشترکہ اجلاس
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈسٹرکٹ اووسیز پاکستانیز کمیٹی اور لاہور پولیس کا مشترکہ اجلاس گز شتہ روز کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین کمیٹی جہانگیر حسین بارا کی صدارت میں منعقد ہوا۔جنرل اسسٹنٹ ریونیو ون حامد رشید،ممبر کمیٹی علی رضا نقوی،انچارج شکایات سیل کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز ڈی ایس پی خالد سعید،انسپکٹر منور ڈوگر اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اوورسیزپاکستانیوں کی زمینوں وجائیدادوں پر قبضوں،ریونیو،فراڈ اور امانت میں خیانت سمیت مختلف نوعیت کے کیسز کی درخواستوں پرشنوائی کی گئی۔چیئرمین ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی جہانگیر بارا نے سمندر پار پاکستانیوں کی درخواستیں سن کر فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے۔ درخواستوں کی بروقت دادرسی پر متعدد سمندر پار پاکستانیوں نے ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانیز کمیٹی اور لاہور پولیس سے اظہارِ تشکر کیا۔
جہانگیر بارا نے سمندر پار پاکستانیوں سمیت شہریوں کی زمینیں اور جائیدادیں قبضہ مافیا سے واگذار کروانے کے لئے لاہور کی موثر کاوشوں کو سراہا۔
سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی کے لئے غیر ملکی زرمبادلہ بھیجنے والے سمندر پارپاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے۔
لاہور پولیس ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی اور دیگر الائیڈ محکموں کے اشتراک سے سمندر پار پاکستانیوں کے پراپرٹی و پولیس سے متعلقہ دیگر تمام مسائل کی داد رسی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔سی سی پی او فیاض احمد دیو نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔اس مقصد کے لئے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز لاہور آفس میں اینٹی قبضہ سیل انتہائی متحرک اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔اوور سیز پاکستانیوں سمیت کوئی بھی شہری اپنی پراپرٹی پر قبضہ یا ایسی کسی کوشش پر لاہور پولیس کی قائم کردہ مخصوص ہیلپ لائن 1242 پر بلا خوف و خطر رابطہ کر سکتا ہے۔اوورسیز پاکستانیوں کی جمع پونجی کی کمائی کسی صورت ہتھیانے نہیں دی جائے گی۔