جموں کشمیر لبریشن سیل بھارتی مظالم بے نقاب کر رہا ہے،اعجاز لون

جموں کشمیر لبریشن سیل بھارتی مظالم بے نقاب کر رہا ہے،اعجاز لون

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور(پ ر) سیکرٹری جموں وکشمیرلبریشن سیل اعجاز حسین لون نے سینئرصحافیوں اورکالم نگاروں کی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں وکشمیرلبریشن سیل مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیو ں کوقومی و بین الاقومی سطح پر اجاگرکرنے میں کلیدی کرداراداکررہاہے۔ بھارتی پراپیگنڈہ کے توڑ کے لیے ریسرچ سے متعلقہ امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں۔نشست کی نظامت کے فرائض انچارج ریسرچ ونگ کشمیر سنٹرلاہور سردارساجد محمود نے سرانجام دیے۔ نشست سے ڈاکٹرمحمداحسن محمود، کاشف بشیرخان، ضمیرآفاقی، تجمل گورمانی، خواجہ منورالحسن، سیدفرزند علی،خالد منہاس،  منشا قاضی، میاں عثمان، نسیم الحق زاہدی، ڈاکٹراعتزاز، ڈاکٹرارشد محمود، اظہار الحق، عبدالشکور شاہ اور سمیع رندھاوا نے بھی خطاب کیا۔

 اعجاز حسین لون نے کہا کہ قومی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور کالم نگاروں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں اس مسئلے سے دنیا کو روشناس کروانے اور عالمی برادری پر دباؤ کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دینے کے لیے ضروری انتظامات بروئے کارلائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت اپنا قبضہ جتنا بھی مستحکم کرلے لیکن وہ اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ کشمیری عوام نے بھارتی تسلط کو کبھی قبول نہیں کیا۔ وہ آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور جلد یا بدیر مقبوضہ کشمیر بھارت کے تسلط سے آزادہوکر پاکستان کاحصہ بن جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان نسلوں کو مسئلہ کشمیر سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے مختلف نوعیت کے پروگرام جاری ہیں۔ بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے بے بنیاد اور غلط پراپیگنڈہ کرتے ہوئے تحریک آزادی ئ کشمیر کو بدنام کررہاہے۔ اس پراپیگنڈہ کے توڑ کے لیے ریسرچ سے متعلقہ امور پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ اس مقصد کیلئے شعبہ تحقیق کو کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے نامور محقیقین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔