خوفناک مہنگائی نے بزنس سیکٹر کی جڑیں ہلا دیں،شیخ عبدالمنان
لاہور(سٹی رپورٹر) مہنگائی کے خوفناک سیلاب نے بزنس سیکٹر کی جڑیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ مہنگائی کا زور ٹوٹنے کا نام نہیں لے رہا۔ مہنگائی پر قابو پانے سے ہی ملکی معیشت اندھیروں سے نکل سکتی ہے ان خیالات کا اظہار سینئر تاجر رہنما شیخ عبدالمنان نے ایک بیان میں کیا۔
کہا ہے کہحکومت نئے معاشی خطوط استوار کرکے ملک و قوم کو معاشی بحران سے نکالے۔ پاک چائنہ اکنامک راہداری اور گوادر بندرگاہ جیسے منصوبوں خطے کی نئی نسلوں کے مستقبل سنوار سکتے ہیں۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے جلد سے جلد ثمرات سمیٹنے کیلئے ملک میں پائیدار معاشی پالیسی کی بنیاد رکھی جائے۔ امن خوشحالی اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم انسانوں کو بہتر حالات زندگی دینے کی بنیاد رکھی جائے۔ قومی سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر معاشی بحران کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ ملک و قوم کے مفاد اور معاشی ترقی کو مقدم رکھتے ہوئے پاکستان میں معیشت کو مضبوط بنایا جائے۔ پاکستان دنیا میں اپنا مضبوط معاشی اور سفارتی مقام اسی صورت حاصل کرسکتا ہے جب ملکی معیشت کا انحصار مقامی صنعت و تجارت پر ہو۔ حکومت ملکی معاشی بحران کے حل کیلئے اپنا مضبوط اور موثرکردار ادا کرتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کے تحت فیصلے کرے۔