پی اے سی، چکن ویسٹ سے بناتیل ہوٹلوں کے کھانوں میں استعمال ہونیکاانکشاف
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں مرغیوں کے ویسٹ(انتڑیوں، سر اور پنجوں)سے بنایا جانے والا تیل کئی ہوٹلوں کے کھانوں میں استعمال ہونے کاانکشاف ہوا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سید حسین طارق نے کمیٹی کو بتایا کہ آج کل چکن کے ویسٹ سے آئل بنا کر کہا جاتا ہے کہ صابن کیلئے دے رہے ہیں لیکن پھر یہی آئل کھانے میں ہوٹلوں میں استعمال ہو رہا ہے، بہت ساری فیکٹریز چل رہی ہیں، ان پر کوئی کنٹرول نہیں،آئل ٹینکر کے اندر بھرا جارہا ہے،کمیٹی نے پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے)کو معاملے کا جائزہ لے کر کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔چیئرمین کمیٹی نے آڈیٹر جنرل آفس کے آڈٹ کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے ایک میٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیاجبکہ آڈٹ نہ کرانے والے اداروں کی فہرست طلب کرلی۔جمعرات کو پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین کی صدارت میں ہوا، جس میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سال 2019-20 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، چیئرمین کمیٹی نے بغیر کورم کے اجلاس چلانے کی کوشش کی تو رکن کمیٹی نوید قمر نے کورم کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کورم کے اجلاس شروع نہ کریں،آپ یہاں یہ کریں گے تو ان(حکومت)کی پوری کوشش ہو گی کہ جب بھی کورم کی نشاندہی ہوگی تووہ ایوان چلاتے رہیں گے۔
چکن ویسٹ