پنجاب حکومت کو 60افسران کیخلاف کرپٹ پریکٹس کے تحت کارروائی کا حکم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے معاملے پر 60 افسران کیخلاف کرپٹ پریکٹس کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے ڈی آر او سمیت 27 پریزائیڈنگ افسران اور 7 ایس ایچ اوز کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ سابق ڈی سی سیالکوٹ ذیشان احمد لاشاری اور سابق ڈی پی او سیالکوٹ حسن اسد کیخلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سابق اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور سابق ڈی ایس پی سمبڑیال کیخلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے ڈپٹی ایجوکیشن افسران کیخلاف بھی کارروائی کی سفارش کی ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ ریٹر ننگ افسر بھی کرپٹ پریکٹس کے مرتکب قرار پائے گئے، 8 اسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اور پولیس اہلکاروں کو بھی غیر قانونی اقدامات میں ملو ث قرار دیا گیا۔الیکشن کمیشن نے تمام افسران کیخلاف ڈسپلنری ایکشن کی سفارش کرتے ہوئے تمام افسران کو دوبارہ الیکشن ڈیوٹی پر نہ لگانے کی ہدایت کر دی ہے۔الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو کارروائی کیلئے احکامات بھجوا دیے ہیں اور افسران کیخلاف کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
کارروائی حکم