پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ عوام دشمن حکومت کیخلاف اعلان جنگ ہے،بلاول
کراچی(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے پیپلز پارٹی کا عوام دشمن پی ٹی آئی کی حکومت کیخلاف اعلان جنگ ہے، لاکھوں عوام کا لانگ مارچ اس حکومت پر بھاری پڑیگا اور اسلام آباد پہنچ کر اپنے مقاصد حاصل کرلیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعلی ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے سندھ کونسل کے ا جلا س کی بذریعہ وڈیو لنک صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔ اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور نثار کھوڑو کی مشترکہ صدارت میں ہوا،جس میں 27فروری کو مزار قائدؒ سے لانگ مارچ کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، لاکھوں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹونے مزید کہا پیپلز پارٹی ہی عوام کے مسائل کے حل کیلئے حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرکے پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کو بے نقاب کرکے گھر بھیجے گی۔ ملک سنگین بحران سے دوچار ہے اور پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحران سے نکالے گی۔ اس بار بھی عوام اور پیپلز پارٹی ہی کامیاب ہونگی، پارٹی کارکن اور رہنما آپس کے اختلافات ختم کرکے ایک ہوکر آواز بنیں پھر کوئی ہمیں نہیں ہرا سکتا۔ پیپلز پارٹی ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات سمیت عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریگی۔ ملک میں زراعت کے سیکٹر کیساتھ ظلم کیا گیا ہے جس وجہ سے کسان مصیبت میں ہیں اسلئے پیپلز پارٹی کی جانب سے کسانوں کیساتھ یکجہتی کیلئے 21اور24جنوری کو ملک بھر میں کسان مارچ ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا لانگ مارچ کا اگلا پڑاؤ پنجاب بارڈر کموں شہید پر ہوگا،جس کے بعد مارچ لاہور اور اسلام آباد پہنچے گا، نثار کھوڑو نے کہا ملک اسلئے نہیں بنایا گیا تھا کہ عوام خود کو جلائے، عوام پر عذاب کی طرح مسلط اس پی ٹی آئی حکومت کو عوامی طاقت سے گھر بھیجنے پر مجبور کرینگے۔پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے عوام اس حکومت کی مہنگائی، بیروزگاری، ٹیکسز کی بھرمار سے بے زار ہوچکی ہے۔ حکومت نے ایسے حالات پیدا کرکے خود عوام کو لانگ مارچ پر مجبور کردیا ہے مارچ میں خواتین بھی بھرپور شرکت کرینگی۔
بلاول بھٹو