افغانستان کے حالات خراب ہونیکی طرف جا رہے ہیں: اعجاز الحق

افغانستان کے حالات خراب ہونیکی طرف جا رہے ہیں: اعجاز الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ افغانستان کے حالات دن بدن خراب ہونے کی طرف جا رہے ہیں پاکستان کو اس کا بیڑا اٹھانا چاہئے تھا پاکستان کو چاہئے کہ باقی دوست ممالک کے ساتھ ملکر افغانستان حکومت کو اپنی پہچان دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز متھرا پشاور میں درجنوں افراد کی جانب سے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنماء انتخاب چمکنی نے بھی ان سے ملاقات کی جن کو باقاعدہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دی۔ اعجاز الحق نے شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی‘ بیروزگاری اور لاقانونیت عروج پر ہے جس کے باعث صوبہ خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات میں حکومتی پارٹی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر الزامات کی بجائے عام آدمی کی مشکلات کو مد نظر رکھے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے آئے روز مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکومت ٹھس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔