جنوبی وزیرستان میں اربوں کے منصوبوں پر کام جاری، محمد علی سیف 

      جنوبی وزیرستان میں اربوں کے منصوبوں پر کام جاری، محمد علی سیف 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ آئندہ تین سالوں میں مختلف شعبوں سے متعلق 57 منصوبے مکمل کر لیے جائیں گے جن سے علاقے میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر قیادت ضم اضلاع میں صحافتی سرگرمیوں کے فروغ اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے ان خیالات کا اظہار جنوبی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے صدر کی قیادت میں آنے والے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سیف نے وانا پریس کلب کے نو منتخب صدر ظفر وزیر اور کابینہ کے  دیگرممبران کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے ضلع میں صحافیوں کے مسائل کے حل اور فلاح کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ملاقات میں وانا پریس کلب کے پینل چیئرمین آدم خان وزیر بھی موجود تھے۔ وفد نے پریس کلب وانا کو درپیش مسائل سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا جسے انہوں نے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان صحافی برادری کی فلاح بہبود میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ صوبائی حکومت ضم اضلاع میں صحافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں پریس کلبز کو گرانٹس کی فراہمی سمیت کئی دیگر اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں صحافی برادری کا کردار اہم ہے۔ معاون خصوصی نے ضم اضلاع کی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع کی ترقی کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور ہر ضم ضلع کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے مخصوص اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کرتی آ رہی ہے۔ جنوبی وزیرستان میں آئندہ تین سالوں میں 24 ارب روپے مالیت کے 57 منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ جو کہ علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ وانا پریس کلب کے وفد نے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف کو جنوبی وزیرستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے جلد جنوبی وزیرستان آنے کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء معاون خصوصی اطلاعات نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ڈیرہ اسماعیل خان اور کرم کے نو منتخب صدور کو ٹیلی فون پر عہدہ سنبھالنے کی مبارکباد دی۔

مزید :

صفحہ اول -