سی ای او کے الیکٹرک کی ریجنل انچارج وفاقی محتسب کراچی سے ملاقات

سی ای او کے الیکٹرک کی ریجنل انچارج وفاقی محتسب کراچی سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(این این آئی)کے الیکٹرک، سی ای او سید مونس عبداللہ نے ریجنل انچارج وفاقی محتسب کراچی سید انوار حیدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پرریجنل انچارج وفاقی محتسب سید انوار حیدر نے کے الیکٹرک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نظر آرہی ہے اور گزشتہ بارشوں کے مقابلے میں اس دفعہ بارشوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔سید انوار حیدر نے کے الیکٹرک کے ساتھ باہمی تعلقات اور تعاون رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پرانہوں نے کہاکہ ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف دینا اور انکے مسائل حل کرنا ہے اور اس سلسلے میں کے الیکٹرک ہمارے ساتھ ہے۔ ایک سال میں ہمیں اوسطا 7000 سے 8000 شکایات موصول ہوتی ہیں اور ان شکایات کے ازالے کے لیے کے الیکٹرک 30 دن کے اندر اس پر عمل کرتا ہے۔کے الیکٹرک کے سی ای اوسید مونس عبداللہ نے ملاقات کرنے اور وقت دینے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی محتسب اعلی کے فیصلے کے خلاف نہیں گئے کیونکہ انکے فیصلے ہمیشہ انصاف پر مبنی ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل حل کرنے کے لیے محتسب اعلی جیسے بہترین ادارے کو رجوع کریں جو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم 7 سے 8 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کو بلکل زیرو پر لائے ہیں۔ مونس عبداللہ نے کہاکہ اس طرح کی ملاقاتیں مستقبل میں بھی ہوتی رہیں گی اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے ہم بہتر سے بہتر اقدامات کرینگے۔

مزید :

صفحہ آخر -