13 کروڑ سے زائدرقم وزیر اعلیٰ کے قریبی رشتہ داروں کو دے چکی ملزمہ کاویڈیوبیان منظرعام پرآگیا
ملتان( خصوصی رپورٹ)تونسہ شریف میں نوکریوں کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے والی ملزمہ کا ویڈیو بیان منظر عام پر آگیا،کلثوم حنا بزدار کا کہنا ہے کہ 13 کروڑ 34 لاکھ روپے کی رقم وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے قریبی رشتہ داروں کو نوکریوں اور آرڈر کی مد میں دے چکی ہوں،رقم لینے والوں میں قیوم بزدار،صلاح الدین اور نیاز بزدار سمیت دیگر بزدار فیملی کے افراد شامل ہیں۔تفصیل کے مطابق گزشتہ دنوں سینئر ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سوکڑ کلثوم حنا بزدار کے خلاف تونسہ شریف پولیس نے نوکریوں کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا، اب کلثوم حنا بزدار کا ویڈیو بیان منظر عام پر آگیا ہے جس میں انہوں نے یہ الزام لگایا ہے کہ نوکریوں اور آرڈر کی مد میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے قریبی رشتے داروں قیوم بزدار،صلاح الدین اور نیاز بزدار سمیت دیگر کو دے چکی ہوں مگر انہوں نے نہ ہی نوکریاں لگوائی ہیں اور نہ ہی رقم واپس کررہے ہیں،کلثوم حنا کا کہنا ہے کہ لوگوں کو پیسے واپس دینے کیلئے میں اپنے زیور تک بیچ چکی ہوں مگر اب یہ لوگ مجھے الٹا بلیک میل کررہے ہیں جبکہ اب میرے پاس اور کچھ بھی باقی نہیں ہے جو میں انہیں دے سکوں۔میری وزیر اعظم عمران خان،چیف آف آرمی سٹاف اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے گزارش ہے کہ وہ مجھے انصاف فراہم کرتے ہوئے بزدار فیملی کے کرپٹ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں جو غریب و مجبور لوگوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا استحصال کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق رقم اور متاثرین کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ویڈیو بیان منظرعام پر آنے کے بعد پولیس کا دوہرا معیار بھی سامنے آگیا ہے کہ پولیس نے ملزمہ کو دو روز قبل گرفتار کر کے راہ فرار دینے کی خاطر صرف چار لاکھ روپے کے لین دین کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔
ویڈیوبیان