گزشتہ روز پارلیمنٹ میں منی بجٹ کے معاملے پر شکست کھانےکے بعد اپوزیشن لیڈر نے ٹویٹر پر محاذ سنبھال لیا
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ روز پارلیمنٹ میں منی بجٹ کے معاملے پر شکست کھانے کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ٹویٹر پر محاذ سنبھال لیا ، کہا کہ عوام کبھی پی ٹی آئی کو معاف نہیں کریں گے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ملکی پارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا ، مہنگائی پہلے ہی تاریخی سطح پر ہے جبکہ عوام پر منی بجٹ مسلط کر دیا گیا۔ عوام اپنی زندگیاں اجیرن کرنے والوں کو معاف نہیں کرینگے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں دفنا دیں گے ۔
ادھر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم ایوان میں دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر تبدیلی لائیں گے ۔ سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا ، عمران نیازی کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ، یہ کہتے ہیں کہ مہنگائی ہے تو حکومت کیا کرے ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے عمران نیازی کو سرٹیفائیڈ چور قرار دیا ، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے سب بے نقاب کر دیا ۔