’قریبی ساتھی آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں‘، صحافی کے سوال پر وزیراعظم عمران خان نے کیا جواب دیا؟
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعظم کےدرمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں منی بجٹ ان دنوں زیر بحث ہے اور ضمنی مالیاتی بل کی منظوی سے قبل ارکان قومی اسمبلی کو اعتماد میں لینے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم اجلاس میں معاملہ مزید بگڑ گیا، پرویز خٹک، نور عالم و دیگر ارکان نے منی بجٹ، مہنگائی، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے، گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پِس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔اجلاس کے بعد جب وزیراعظم جانے لگے تو میڈیا نے ان سے سوال کیا کہ آپ کےقریبی ساتھی آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔صحافی کے سوال پر وزیراعظم عمران خان خاموش رہے البتہ ان کے ساتھ موجود وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پلٹ کر صحافی سے ہی پوچھ لیا کہ کون سے ساتھی؟