نوجوان نسل میں ’’ہیچ بیک‘‘گاڑیاں زیادہ کیوں پسند کی جاتی ہیں ؟جانئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، حالیہ سرویز میں واضح ہو چکا کہ ملک خداداد کی آبادی کا 63 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر نوجوان نسل پر محیط ہے ، یہ وہ لو گ ہیں جو اپنے کیئریئر کے عروج پر ہیں یا پہنچنے والے ہیں جس کے پیش نظر وہ صارفین کی بڑھتی ہوئی معیشت کے ضروری ارکان ہیں، یہ ان کی ضروریات ، خواہشات اور استعمال کے طریقہ کار ہی ہیں جو ہماری معیشت کے رجحانات کا تعین کریں گی ۔
جب بات گاڑیوں کی آتی ہے تو یہ نوجوان نسل ایسی چیز کی تلاش میں رہتی ہے جو انہیں تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کم خرچ بھی ہو ۔یہی وجہ ہے کہ ’’ ہیچ بیک ‘‘ گاڑیاں جیسا کہ سوزوکی آلٹو، سوزوکی سویفٹ ، جاپانی ٹویٹا ایکوااور کِیا کی پیکانٹو نوجوان نسل میں بے حد مقبول ہیں ۔
افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ جلد ہی تیسری جنریشن کی سوزوکی سویفٹ پاکستان میں فروخت کیلئے پیش کی جارہی ہے جبکہ یہ بھی خبریں ہیں کہ فروری کے آخر میں اس گاڑی کی بکنگ کا آغاز بھی کر دیا جائے گا، یہ واقعی اس مخصوص صارف طبقہ کے لیے دستیاب انتخاب کی حد کو بڑھا دے گا۔
تو اب متعلقہ عنوان کی طرف واپس جاتے ہیں کہ دراصل ’ ہیچ بیک ‘ نوجوانوں کی جانب سے اتنی زیادہ پسند کیوں کی جاتی ہے ،اگر ہیچ بیکس گاڑیوں کا موازنہ سیڈان، ایس یو وی سے کیا جائے تو یہ ان کے مقابلے میں بہت کم خر چ اور کم لاگت ہو تی ہیں ، ان کی مسابقتی قیمت ہے جو کہ نوجوانوں کیلئے اسے خریدنا اور برقرار رکھنا آسان بنا دیتی ہے ۔قیمت کے علاوہ ہیچ بیکس کے پاس پیش کرنے کیلئے اور بھی بہت کچھ ہے اور پیسوں کی اچھی قدر بھی فراہم کرتی ہے۔
زیادہ تر ہیچ بیکس چست اور پھرتیلی ہونےکے علاوہ ایندھن کی بچت کرتی ہیں جبکہ ان میں سامان رکھنے کیلئے فراہم کر دہ جگہ کسی ایس یو وی کے مقابلے میں کم نہیں ہو تی ۔چونکہ پاکستان کی زیادہ نوجوان نسل شہروں میں آباد ہے جس کیلئے پھرتیلی اور چست گاڑی رکھنا نہ صرف آسان ہے بلکہ یہ ان کی ضرورت بھی ہے ، ہیچ بیک گاڑی کا حجم اور شکل ڈرائیور حضرات کو شہر میں شدید ٹریفک کے باوجود ایک جگہ سے دوسری جگہ تیزی سے پہنچنے کی اجازت دیتی ہے ، شہروں میں رہنے کے اخراجات ویسے ہی بہت زیادہ ہیں تو ایسی صورت میں ایندھن کی بچت کرنے والی گاڑی ایک اور بڑی نعمت ہے ، خصوصی طور پر نوجوان لوگوں کیلئے ۔
نوجوان نسل سڑکوں پر لانگ ڈرائیو، دو ردراز سفر کرنے ، کیمپنگ اور یہاں تک کہ دوسرے ملک سیر و تفریح کیلئے جانے کی بے حد شوقین ہوتی ہے ، اس مقصد کے حصول کیلئے انہیں ایسی گاڑی کی ضرورت ہوتی ہے جس میں چند ساتھی بیٹھ سکیں اور سامان رکھنے کیلئے کافی جگہ موجود ہو۔یہ سہولت ’ایرگو نومک ‘ ڈیزائن کی حامل جدید ہیچ بیکس میں موجود ہے جس میں سامان رکھنے کیلئے بہترین سپیس موجود ہوتی ہے ۔
اس میں آپ متعدد بیگز رکھ سکتے ہیں اور’’فولڈایبل بوٹ سپیس ‘‘(بیک سیٹس کو فولڈ کر کے ڈگی کی جگہ بڑھا لینا)کے ذریعے کیمپنگ کیلئےزیادہ سازو سامان آسانی کے ساتھ لے جا سکتے ہیں ۔یہی وہ وجوہات ہیں جو کہ گالف جی ٹی آئی ، فورڈ فوکس اور سوزوکی سویفٹ جیسی گاڑیوں کو نوجوان نسل میں مقبول بناتی ہیں۔ مثال کے طور پر سوزوکی سویفٹ اور گالف جی ٹی آئی متعدد دلکش رنگوں کے ساتھ مارکیٹ میں لائی جاتی ہیں ، جبکہ سوزوکی سویفٹ میں تو ’ ڈبل ٹون‘ رنگ کی بھی پیشکش کی جاتی ہے جو کہ نوجوان نسل کی جانب سے بے حد پسند کیئے جاتے ہیں ۔
ہیچ بیکس میں غیر روایتی اور فنکی رنگوں کے علاوہ بہت ساری ایسی کسٹومائز آپشنز بھی دی جاتی ہیں جو کہ گاڑی کو مزید دلکش بنا دیتی ہیں جن میں رمز، میوزک سسٹم ، باڈی رمز ، باڈی کٹس شامل ہیں جس کی ایک جیتی جاگتی مثال سوزکی کی تیسری جنریشن سویفٹ اور رینالٹ میگین ہے ۔یہی وہ تمام عوامل ہیں جو کہ ہیچ بیکس گاڑیوں کو نوجوان نسل میں مقبول بناتے ہیں ۔