بلال یاسین حملہ کیس، میاں وکی کو بھی ملزم نامز د کردیا گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) انویسٹی گیشن پولیس نےمسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین حملہ کیس میں معروف جواری میاں وکی کو بھی نامزد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے بدنام زمانہ بکی میاں وکی کو مقدمہ کی مثل میں نامزد کیا۔ میاں وکی واردات کے اگلے روز فیملی سمیت دبئی فرار ہو گیا تھا ۔میاں وکی کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروانے کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے گا ۔انویسٹی گیشن پولیس اس کیس میں دو شوٹرز سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرچکی ہے،دونوں شوٹرز کو پولیس نے شاہدرہ کے علاقہ سے چند روز قبل گرفتار کیا تھا۔پولیس نے ملزمان کو اسلحہ دینے والے تین اسلحہ ڈیلرز کو نیلا گیند کے علاقہ سے حراست میں لیا تھا۔پولیس کے مطابق کیس کی تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ملزمان کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔