شطرنج کے مہرے

Jan 14, 2025

نسیم شاہد

ملتان سے پہلی خاتون کمشنر مریم خان تبدیل ہوئیں تو ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں انہوں نے کہاملتان کو بہتر بنانے کے لئے دن رات محنت کی، کام کیا۔ یہ بھی کہا وہ ملتان سے اچھی یادیں لے کر جا رہی ہیں۔ افسروں کی الوداعی تقریریں ایسی ہی ہوتی ہیں تاہم امر واقعہ یہ ہے مریم خان سے پہلے جو ملتان تھا ان کے جانے پر بھی ویسا ہی ہے دفتروں کی صورتِ حال بھی نہیں بدلی اور عوام کے مسائل میں بھی کوئی کمی نہیں آئی، البتہ ان کی یہ بات درست ہے انہوں نے محنت بہت کی۔وہ ہر جگہ نظر آتی تھیں۔ مسائل حل کرنے کے لئے خود پہنچ جاتی تھیں۔ جب سموگ کا زمانہ تھا وہ اینٹوں کے بھٹے بھی چیک کرتی رہیں۔ انہوں نے کھلی کچہریاں بھی لگائیں، منڈیوں کے دورے بھی کئے۔ شاید ان کے ذہن میں رہا ہو چونکہ وہ پہلی کمشنر ہیں اس لئے مردوں سے زیادہ کام کرنا چاہئیے مگر صاحب وہ اپنی تمام تر کوشش اور محنت کے باوجود، سفاک اور بے رحم دفتری نظام میں کوئی ایسی تبدیلی نہیں لا سکیں جو عوام کے لئے ریلیف کا باعث بنی ہو۔ ملتان ڈویژن کے تین اضلاع ہیں۔ ملتان، وہاڑی اور خانیوال تینوں بڑے اضلاع ہیں۔ گورننس کے حوالے سے ان میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ مسائل بھی بہت زیادہ ہیں۔ ایک کمشنر جس کا کام زیادہ تر نگرانی اور ہدایت کا ہوتا ہے، ڈپٹی کمشنروں کے ہاتھوں بھی بے بس ہو جاتا ہے۔ ملتان میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان اکثر اختیارات کی کھینچا تانی رہی ہے، ڈپٹی کمشنرتبدیل کئے جاتے رہے اور کمشنروں کی بھی جلد یا بدیر تبدیلی ہوتی رہی، مگر یہ سب کچھ بھی صرف اختیارات میں مداخلت یا کھینچاتانی کی وجہ سے ہوا۔ اس وجہ سے نہیں ہوا کہ عوام کو ریلیف کیوں نہیں مل رہا۔ یہ تمہید میں نے اس لئے باندھی ہے کہ ہمارے انتظامی نظام میں بس چہروں کی تبدیلی ہوتی ہے۔ عوام پر مسلط استحصالی نظام نہیں بدلتا، ایک افسر جاتا ہے دوسرا آ جاتا ہے۔ ایک بنی بنائی ریڈبک پر عمل کرتا ہے اور اس سے ایک انچ بھی اِدھر اُدھر نہیں ہوتا۔ اس کے نیچے جو مہرے ہوتے ہیں انہیں افسر کی اس مجبوری کا علم ہوتا ہے، اس لئے وہ اپنا دھندہ جاری رکھتے ہیں۔ افسروں سے بات کرو تو ان کا دکھ یہ ہوتا ہے ابھی تعیناتی کے بعد سنبھلنے نہیں پاتے کہ تبدیلی کا آرڈر آ جاتا ہے۔ کئی افسروں کا دعویٰ ہے اگر تعیناتی کی مدت تین سال مقرر کر دی جائے اور اس پر عمل بھی ہو تو نظام بدلنے کی امید کی جا سکتی ہے۔ ایک عارضی مختصر مدت کے لئے تعینات ہونے والا کب یہ چاہے گا کچھ تبدیل کرے اور بھڑوں کے چھتے میں ہاتھ ڈالے۔ وہ تو ایک ایک دن سونگھ سونگھ کے گزارے گا اور جتنا مفاد اٹھا سکتا ہے اٹھائے گا اسے ضلع کے مافیاز سے الجھنے کی ضرورت ہی کیوں ہوگی کہ جب اس نے کسی دن اچانک آنے والے آرڈر پر اپنا بوریا اٹھا کر کسی اگلے پڑاؤپر قیام کرنا ہو۔ 

یہ اکثر سننے کو ملتا ہے بیورو کریسی میں اچھے افسر نہیں رہے یا پیدا نہیں ہو رہے۔ مسئلہ یہ نہیں، بیورو کریسی نے بھی اپنے آپ کو نظام کے جبر میں مقیدکرلیا ہے اور جو اس نظام سے فائدہ اٹھانے والے ہیں، انہیں بھی ایسے ہی افسر وارے کھاتے ہیں جو سر جھکائے کام کرتے رہیں جو اس نظام کے ان پہلوؤں کو نہ چھیڑیں جن کا تعلق عوام کو کسی قسم کی سہولت دینے سے ہے۔ جو لوگوں کو کھلی کچہریوں کے جال میں الجھائے رکھیں مگر اپنے دفتروں کا کرپٹ اور استحصالی نظام تبدیل نہ کریں۔ جوبالا دستوں کے کام اپنی کرسی سے اٹھ کر کریں اور عوام کو بیٹھنے کے لئے کرسی تک نہ دیں۔ دراصل پاکستان میں حکمرانی کا جو تصور اشرافیہ نے بنا لیا ہے، اس میں ایسا کوئی افسر فٹ ہی نہیں ہوتا جو اس تصورِ حکمرانی سے اتفاق نہ کرتا ہو۔ یہ تصور دراصل عوام کو غلام بنانے سے تعلق رکھتا ہے۔ اس نظام میں بیورو کریسی کے افسر صرف ایک کل پرزے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پوسٹنگ کو اس قدر مشکل بنا دیا گیا ہے کہ جس کے نام فیلڈ پوسٹنگ کا قرعہ ء فال نکلتا ہے شکرانے کے نفل ادا کرتے ہوئے جی حضوری کی آخری حدوں کو پار کرنے کا عزم لے کر آتا ہے۔سب سے پہلے اس کی نظر ان طبقوں پر ہوتی ہے جن سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی، وہ ان سے پھولوں کے گلدستے فخریہ وصول کرتا ہے۔ لوگ حیران ہوتے ہیں کہ یہ تو شہر کے نامی گرامی اٹھائی گیرے ہیں، ٹیکس چور ہیں،بھتہ خور ہیں، کالے دھن کے مالک ہیں، ذخیرہ اندوزی کے بادشاہ ہیں۔ ان کا حاکم شہر سے تعلق تو بنتا ہی نہیں، ان کے خلاف تو اسے علم بغاوت بلند کرنا چاہیے۔ ان کی بیخ کنی اور عوام کے خلاف سرگرمیوں کا سلسلہ  توڑنے کی کوشش کرنی چاہیے مگر اس کی بجائے یہ لوگ اسے خوش آمدید کہہ رہے ہیں اور وہ بڑی خوشدلی سے اس استقبال کو قبول کررہا ہے۔ درحقیقت ہر افسر جانتا ہے اس معاشرے کے اصل پاور فل لوگ یہی ہیں۔ یہی لوگ ارکان اسمبلی کے فنانسر بھی ہیں اور ان کی انتخابی مہم کو سپورٹ بھی کرتے ہیں۔ ان سے بگاڑنے کا مطلب ہے بارودی سرنگ میں سردینا۔ باہر سے آنے والا افسر کچھ بھی نہیں جانتا، وہ اپنے دفتر کے گھاگ لوگوں سے پوچھتا ہے۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو برسہا برس سے دفتروں کو عقوبت خانے بنا کے چلا رہے ہوتے ہیں۔ ہرنیا آنے والا افسر ان کے ہاتھوں کا کھلونا بن جاتا ہے۔

کیا یہ حیرت کی بات نہیں گزرے ہوئے 77برسوں میں سول حکمران بھی آئے اور فوجی بھی۔ ایک جماعت بھی آئی اور دوسری، تیسری بھی مگر بیورو کریسی زمیں جنبد نہ جنبد گل محمد کی صورت ایک ہی ڈگر پر چلتی رہی۔ عوامی مسائل سے پہلوتہی اس کا شعار بنا رہا۔ آسانیاں پیدا کرنا اس نے شجر ممنوعہ قرار دے دیا۔ افسروں کے کروفر اور مراعات میں تو اضافہ ہوا، اختیارات بھی بڑھ گئے مگر ان میں بالادستوں کی غلامی اور زیر دستوں پر حکمرانی کا خبط طاری رہا۔ نصف صدی پہلے بھی میں دیکھتا تھا لوگ چھوٹے چھوٹے کاموں کے لئے سفارشیں ڈھونڈتے پھر رہے ہیں یا پھر رشوت دینے کے لئے پیسوں کا انتظام کرنے کی پریشانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ آج بھی یہی کلچر ہے بلکہ اب تو افسروں سے ملنا تک ایک بڑا دشوار مرحلہ بن گیا ہے۔ کئی بار پنجاب کے وزرائے اعلیٰ یہ حکم دے چکے افسر اپنے دروازے عوام کے لئے کھلے رکھیں، عثمان بزدار نے تو باقاعدہ تحریری حکم جاری کردیا تھا۔ مریم نواز نے بھی اس قسم کی ہدایات جاری کی ہوئی ہیں۔ کبھی وہ اس کا جائزہ تو لیں ان کے حکم پر کتنا عملدرآمد  ہو رہا ہے۔ اب دفتروں کے دروازے کھلنا تو درکنار دفاتر کی عمارت کے بڑے گیٹ کو عبور کرنا بھی کڑا امتحان بن چکا ہے۔ جب افسر عوام کی دسترس سے دور ہوجائیں گے تو ان کے مسائل کیسے حل کر سکیں گے۔ پھر وہ ہفتے دو ہفتے بعد کھلی کچہری کا ڈرامہ رچاکے اپنی انا کی تسکین کریں گے۔موجودہ حالات میں بہتری کے امکانات دور دور تک نظر نہیں آتے ہاں دعوؤں کی حد تک روزانہ بہت کچھ بدل جاتا ہے۔

مزیدخبریں