پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے میں اہم پیش رفت
لاہور ( طیبہ بخاری سے )پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے میں اہم پیش رفت ، اتحادِ تنظیماتِ مدارس اور تمام مکاتبِ فکر کا اتفاق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور محکمہ داخلہ پنجاب نے اتحادِ تنظیماتِ مدارس اور تمام مکاتبِ فکر سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن فارم ترتیب دیدیا ہے جس پر ان دنوں ٹرائل کے طور پر ڈیٹا اپ لوڈ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا ہے کہ پنجاب بھر میں تمام مدارس آن لائن فارم پر ڈیٹا فراہم کریں گے اور علماء کو کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ آن لائن فارم کے ذریعے تمام مدارس پنجاب چیریٹی کمیشن کیساتھ رجسٹر ڈ ہو جائیں گے اور تمام ڈیٹا ہمہ وقت دستیاب ہوگا۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں آن لائن فارم کی تیاری کیلئے تمام مکاتبِ فکر اور جید علماء سے مشاورت کی گئی اور ان کی مفید تجاویز کو فارم کا حصہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ تمام مکاتب فکر کے جید علماء نے مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے نہایت مثبت ردعمل دیا ہے۔ اب تک کی تمام مشاورت اور باہمی ہم آہنگی سے پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن کا ان شاءاللہ جلد آغاز ہوگا۔
