علیم الدین نیک انسان اور پاکستان کے عظیم کرکٹرز تھے ،مشتاق محمد
لندن( آن لائن)پاکستان کے عظیم کھلاڑی مشتاق محمد نے لندن میں گزشتہ روز سابق ٹیسٹ اوپنر علیم الدین کی 81سال کی عمر میں وفات پر ”مجموعی طور پر ایک بہتر انسان “کے طور پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔مشتاق محمد نے ٹیلی فون پربتایا کہ میں ان کے بہت قریب تھا جب میں بچہ تھا تو وہ مجھے نیٹ پریکٹس کراتے تھے اور میرے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھتے تھے مجھے ان سے بہت لگاﺅ تھا ۔جب میں (نارتھمپٹن شائر کی طرف سے کھیلنے کیلئے )انگلینڈ آیا تو اس وقت بھی وہ میرے بہت قریب تھے میں برمنگھم میں رہا اور وہ ہیرو میں تھے اس لئے میں جب بھی لندن گیا تو ان سے ملاقات کی۔وہ ایک انتہائی نیک انسان اور پاکستان کیلئے عظیم کرکٹرز تھے ۔ریٹائرمنٹ کے بعد علیم الدین لندن آگئے اور ہیتھرو ائرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز کی طرف سے کام کرتے رہے ۔ ان کے دو دیگر بھائیوں عظیم الدین اور سلیم الدین نے بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ۔