ریپڈ ٹرانزٹ ، تاجروں کا کم قیمت پر جگہ دینے سے انکار، خود سوزی کی دھمکی

ریپڈ ٹرانزٹ ، تاجروں کا کم قیمت پر جگہ دینے سے انکار، خود سوزی کی دھمکی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اسد اقبال سے) حکومت کی طرف سے مارکیٹ ویلیو کے مطابق ادائیگی نہ کرنے پر فیروز پور روڈ کے تاجروں نے جگہ دینے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ بعض افسران تاجروں اور ان کے اہلخانہ کا معاشی قتل کرنا چاہتے ہیں اگر ہمارے کاروبار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو بلڈوزروں کے آگے بیوی بچوں سمیت لیٹ جائیں گے اور ایک انچ زمین بھی رپیڈ ٹرانزٹ منصوبہ کے لئے نہیں دی جائے گی روزنامہ پاکستان کی طرف سے تحقیقات کے مطابق فیروز پور روڈ کے اچھرہ سے قرطبہ چوک تک کے تاجروں نے صرف 4 ماہ قبل حکومت کو ساڑھے ستائیس اور ساڑھے تیس لاکھ روپے مرلہ کے حساب سے ادائیگی کرکے اراضی خریدی تھی لیکن تاجروں کے بقول اب رپیڈ ٹرانزٹ سسٹم کے لئے حکومت ہم پر دباﺅ ڈال رہی ہے کہ ساڑھے تیرہ لاکھ روپے کے حساب سے جگہ دی جائے۔ جوکہ صریحاً زیادتی ہے تحقیق کے دوران معلوم ہوا ہے کہ فیروز پور روڈ منصوبے کے لئے 5 فٹ سے 50 فٹ تک کمرشل دکانوں کی اراضی درکار ہوگی جو مختلف نوعیت کے 88 کاروباری حضرات کی ملکیت ہے تاہم ضلعی حکومت پنجاب حکومت کی آشیرباد سے تاجروں کا معاشی قتل کررہی ہے قومی تاجر اتحاد فیروزپور روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر صفدر مرزا نے پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت تاجر برادری پر ظلم و بربریت کی انتہا کررہی ہے رپیڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کے لئے اچھرہ سے قرطبہ چوک تک ملکیتی دکانوں کی 13 کنال اراضی کوڑیوں کے بھاﺅ فروخت کرنے کے لئے تاجروں کو ہراساں کررہی ہے ستم بالا ستم یہ کہ ضلعی حکومت کمرشل اراضی اصل قیمت سے چار گنا سستی خریدنے کی خواہاں ہے انہوں نے کہا کہ فیروز پور روڈ کی تاجر برادری عوامی ریلیف کے پیش نظر حکومت سے ہر قسم کاتعاون کرنے کو تیار ہے تاہم خادم اعلیٰ پنجاب بھی انصاف کے ترازو کو متوازن رکھے انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے کے اہلکار گزشتہ روز اچھرہ سے قرطبہ چوک تک5 سے 50 فٹ تک دکانوں میں نشان لگا کر حکم جاری کر گئے ہیں کہ ہم انہیں گرا کر رپیڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبہ میں شامل کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو ساڑھے تیرہ لاکھ روپے مرلہ کے حساب سے ایک انچ بھی اراضی فروخت نہ کریں گے جس کے لئے ہر محاذ پر آواز حق بلند کریں گے انہوں نے کہا کہ حکومت کمرشل ویلیو کے تحت جگہ کی قیمت ادا کرے تو تاجر ہر ممکن تعاون کریں گے تاہم اگر حکومت نے زبردستی کی تو فیملیز کے ہمراہ سراپا احتجاج بنتے ہوئے پنجاب حکومت کے ظلم کے خلاف شاہراہوں پر نکل آئیں گے۔