پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کے ایک ارب 10کروڑ ڈالر ضابطے کی کارروائی کے بعد دئیے جائیں گے، پینٹا گون

پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کے ایک ارب 10کروڑ ڈالر ضابطے کی کارروائی کے بعد ...

  

واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون نے کہا ہے کہ پاکستان کو فنڈ کی ادائیگی کیلئے مشاورت جاری ہے، فنڈ کی فراہمی کا طریقہ کار تبدیل نہیں ہو رہا، پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ضابطے کی کارروائی کے بعد ادا کیے جائیں گے۔واشنگٹن میں امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کیپٹن جان کربی نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو2011 کے اخراجات کی مد میں ایک ارب دس کروڑ ڈالرکی ادائیگی کے معاملے پرپینٹا گون اور کانگریس میں مشاورت ہو رہی ہے اور ضابطے کی کارروائی کے بعد یہ رقم جاری کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فنڈ کی فراہمی کا طریقہ کار تبدیل نہیں ہو رہا۔ پاکستان کو دیئے جانے والے کولیشن سپورٹ فنڈ کی فراہمی کے طریقہ کار میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔ میڈیا پر آنے والی ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ فنڈ کی فراہمی کے طریقے کو نیٹو سپلائی کی بحالی کے بعد تبدیل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے فنڈز کا مطالبہ 2011میں کیا گیا تھا اور ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق 2002 سے پاکستان کیلئے آٹھ اعشاریہ آٹھ بلین ڈالر جاری کئے جاچکے ہیں اور آخری قسط دسمبر 2010 میں چھے سو تینتیس ملین ڈالر کی جاری کی گئی تھی۔

مزید :

صفحہ آخر -