پارلیمینٹ میں عدلیہ کو دبانے کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے، جاوید ہاشمی
لاہور( اے پی اے) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ توہین عدالت ترمیمی بل عجلت میں اس لئے منظور کرایا گیا ہے تاکہ صدر کے کرپشن سے بنائے گئے اثاثوں کو تحفظ دیا جا سکے اور کوئی ان سے باز پرس نہ کرے لیکن وہ دن دور نہیں جب انہیں عوا م کے کٹہرے میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کو بچانے کے لئے وزرائے اعظم کی قربانیاں دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اس کے ملکی معیشت پر انتہائی برے اثرات مرتب ہو رہے بلکہ بیرونی دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف نے ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف ہمیشہ اصولی موقف اپنایا ہے ۔ ہمارا موقف ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں اس سے باہر نکلنا چاہیے بلکہ پاکستان کو امریکہ کو افغانستان سے نکلنے میں مدد دینے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے ۔پارلیمنٹ میں اکثریت کی بنیاد پر عدلیہ کو دبانے کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے جسے عوام اسے مسترد کرتے ہیں۔