لاہور سٹاک ایکسچینج نے ایل ایس ای 25 انڈیکس ری کمپوز کر دیا

لاہور سٹاک ایکسچینج نے ایل ایس ای 25 انڈیکس ری کمپوز کر دیا

  

لاہور ( کامرس رپورٹر ) لاہور سٹاک ایکسچینج نے ایل ایس ای 25 انڈیکس ری کمپوز کر دیا۔ اس انڈیکس کا انحصار لسٹڈ کمپنیوں کے حصص کی خریدوفروخت کی تعداد کی بنیاد پر ہے۔ یکم جولائی 2011 سے 30 جون 2012 تک جن کمپنیوں کے حصص میں نمایاں تعداد میں خریدوفروخت کی گئی ان کمپنیوں کو ایل ایس ای 25 انڈیکس میں شامل کر لیا گیاہے۔ انڈیکس کی ری کمپوزنگ سال میں دو مرتبہ یعنی جنوری اور جولائی میں کی جاتی ہے۔ ایل ایس ای25 انڈیکس میں سات نئی کمپنیاں شامل کر لی گئی ہیں جن میں اینگرو پولی مر اینڈ کیمیکل لمیٹڈ، آئی جی آئی انوسٹمنٹ بنک لمیٹڈ، کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ، میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ، پی ٹی سی ایل، سمٹ بنک لمیٹڈ اور سنہری بنک لمیٹڈ کے نام شامل ہیں۔ جبکہ پہلے سے موجود سات کمپنیاں جن میں بائی کو پٹرولیم، جاپان پاور، نمر انڈسٹریل کیمیکل ، نشاط چونیاں، پیس پاکستان، پاکستان ری انشورنس کمپنی اور ورلڈ کال ٹیلی کام کے نام انڈیکس سے نکال دیئے گئے۔ اس موقع پر لاہور سٹاک ایکسچینج کے مینجنگ ڈائریکٹر آفتاب احمد چوہدری نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ موجودہ انڈیکس مرحلہ وار لسٹڈ کمپنیوں کے حصص کی نمایاں خریدوفروخت والے شیئرز کی بجائے (فری فلوٹ) یعنی وہ حصص جو کہ قابل خریدو فروخت ہیں کی بنیاد پر کر دیا جائے گا۔ کیونکہ سٹاک ایکسچینج نے حصص کی خریدو فروخت کی غرض سے آنے والے سرمایہ کاروں سے یہ وعدہ کیا ہے کہ ایل ایس ای سرمایہ کاروں کو سٹاک ایکسچینج میں حصص کی قیمتوں میں اتار چڑہاﺅ کی شفاف اور صحیح صورت حال سے عین وقت پر آگاہ کرتا رہے گا۔اس طرح فری فلوٹ کی صورت میں معرض وجو د میں آنے والا ایل ایس ای25 انڈیکس مارکیٹ کی سو فیصد عکاسی کرے گا جس سے روزانہ کی بنیاد پرحصص کی خریدو فروخت کرنے والے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی بلکہ سرمایہ کاری کے دوران سرمایہ کاری میں کمی یا اضافہ کا فیصلہ کرنے میں سرمایہ کاروں کے لئے ممدو معاون بھی ثابت ہوگا۔

مزید :

کامرس -