2011-12 ‘ گیارہ ماہ کے دوران بڑے صنعتی اداروں کی شرح ترقی 1.26 فیصد
لاہور(کامرس رپورٹر) توانائی مسائل کے باوجود گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 مہینوں کے دوران بڑے صنعتی اداروں(ایل ایس ایم) کی شرح ترقی 1.26 فیصد رہی ہے ۔ پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2011-12ءکے پہلے 11 ماہ کے دوران ایل ایس ایم کی مجموعی شرح ترقی 112.78 پوائنٹس رہی جو مالی سال 2010-11ءکے اسی عرصہ میں 111.37 پوائنٹ تھی ۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ شرح ترقی وزارت صنعت کے مانیٹر کئے گئے انڈیکس میں ریکارڈ کی گئی جو 0.95 فیصد رہی جو مالی سال 2010-11ءکے 110.52 پوائنٹس کے مقابلے میں گزشتہ سال بڑھ کر 112.03 فیصد ہوگئی اسی طرح صوبائی بیورو آف سٹیٹکٹس کے مانیٹر کئے گئے انڈیکسز میں 0.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا جو 123.98 پوائنٹس سے بڑھ کر 127.24 پوائنٹس ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق آئل کمپنیوں ایڈوائیزری کمیٹی کے مانیٹرنگ انڈیکس کے مطابق شعبہ کی شرح ترقی میں 0.33 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو 83.36 پوائنٹس سے کم ہوکر 78.52 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی ہے ۔ پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق مئی کے مہینے میں بڑی صنعتی اداروں کی کارکردگی میں 1.40 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 109.53 پوائنٹس سے بڑھ کر 111.07 پوائنٹ ہوگئی ۔ رپورٹ کے مطابق فارما سوئیکل کے شعبہ کی شرح ترقی میں 7.84 فیصد‘ پیپراوربورڈ 22.86 فیصد‘ ٹیکسٹائلز 0.45 ‘ چمڑے کی صنعتوں میں 0.68 فیصد‘ آٹوموبائلز1.16 اور فرٹیلائز کے شعبہ کی صنعتوں کی شرح ترقی میں 0.95 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔