شریف برادران کے خلاف مقدمات کھول کر نیب گڑھے مردے اکھاڑنا چاہتا ہے، ذوالفقارکھوسہ
لاہور(پ ر)سینیٹرسردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ جنرل مشرف شریف برادران کا جانی دشمن تھا اور اس دور میں ان کے اور ان کے خاندان پر بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹ کا پلندا ہیں، شریف برادران ان چیزوں سے نہ پہلے گھبرائے تھے نہ اب گھبرائیں گے، نیب کی طرف سے شریف برادران اور ان کے خاندان کے خلاف مقدمات کھولنے کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہاکہ جنرل مشرف ساڑھے 9سال تک ملک کے سیاہ و سفید کا مالک رہا اور تمام وفاقی و صوبائی محکموں اور حکومتوں کا مختارکل تھا لیکن ان ساڑھے 9سالوں میں شریف برادران اور ان کے خاندان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہو سکا، اب اگر نیب دوبارہ گڑھے مردے اکھاڑنا چاہتا ہے تو عدالتیں بااختیار اور آزاد ہیں، قانون اور آئین کے مطابق فیصلہ ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ اس سارے معاملے میں ٹائمنگ بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اور اسی سے بدنیتی کھل کر سامنے آرہی ہے، سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ اگر یہ سب شریف برادران پر دباﺅ ڈالنے کے لئے کیا جارہا ہے تو یہ یاد رکھا جائے کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت نہ جھکے گی نہ بکے گی اور اگر عوام کی ہردلعزیز مسلم لیگی قیادت کو جھانسہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے تو میثاق جمہوریت پر عمل کرنے کا یقین دلانے کے لئے قرآن مجید اٹھا کر وعدہ کرنے والوں پر اعتبار کیسے کیاجاسکتا ہے؟