بلائینڈ کرکٹ کونسل نے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے ناموں کی منظوری دےدی
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے 18 کھلاڑیوں کے ناموں کی منظوری دےدی، سینٹرل کنٹریکٹ کا باضابطہ اعلان 20 جولائی کو کیا جائے گا۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں پہلی مرتبہ 4 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے حکام کے مطابق پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائینڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے جولائی سے دسمبر تک 6 ماہ کیلئے قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے ناموں کی منظوری دےدی ہے۔ حکام کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹیگری میں 4 کھلاڑی، بی میں 4 اور سی کیٹیگری میں 10 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن کو بالترتیب ماہانہ 12 ہزار، 10 ہزار اور 9 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ حکام کے مطابق مالی مشکلات کے باعث قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں اضافہ نہیں کیا جا رہا اور سینٹرل کنٹریکٹ میں باصلاحیت 4 نئے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔