چار روزہ میچ، آسٹریلیا اے نے بھارت اے کے خلاف 288 رنز بنا لئے
برسبین( نیٹ نیوز) آسٹریلیا کی اے کرکٹ ٹیم نے بھارت اے کے خلاف چار روزہ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنا لئے۔ ایلن بارڈر فیلڈ، برسبین میں شروع ہونے والے چار روزہ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان جیمز فاکنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، 64 پر تین وکٹیں گر جانے کے بعد پیٹر فوریسٹ اور جیمز فاکنر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چوتھی وکٹ میں 133 رنز کی شراکت قائم کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا۔ جیمز فاکنر نے 94 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ پیٹر فوریسٹ نے 77 رنز بنائے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنا لئے۔ بھارت اے کی جانب سے امیت مشرا نے چار اور امیش یادیو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔