فیفا نے مختلف ایوارڈز کیلئے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا
ساﺅپاﺅلو( نیٹ نیوز)فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے برازیل میں جاری بیسویں فیفا ورلڈ کپ کے مختلف کیٹگریز کے ایوارڈ کیلئے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا۔ گولڈن بال ایوارڈ کیلئے ارجنٹائن، جرمنی، کولمبیا، ہالینڈ اور برازیل کے کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ فیفا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق رواں ورلڈ کپ میں مختلف کیٹگریز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈز کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ پلیئر آف دی ورلڈ کپ ایوارڈ کیلئے ارجنٹائن کے لائنل میسی، اینجل ڈی ماریو، جیوائر، جرمنی کے میٹ ہملز، ٹونی کروز، فلیپ لام اور تھامس میولر، کولمبیا کے جیمز روڈیگائز، برازیل کے نیمار اور ہالینڈ کے ارجن روبن کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ گول کیپر آف ورلڈ کپ ایوارڈ کیلئے کوسٹا ریکا کے کیلور، جرمنی کے مینوئل اور ارجنٹائن کے سرگیو کے درمیان مقابلہ ہے۔ ہالینڈ کے ممفس، پال پوگبا اور فرانس کے ریفائل ینگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔ فاتح کھلاڑیوں کا اعلان ورلڈ کپ فائنل کے بعد کیا جائے گا۔