لانگ مارچ سے حکومتیں چلی جاتی ہیں:یوسف رضا گیلانی

لانگ مارچ سے حکومتیں چلی جاتی ہیں:یوسف رضا گیلانی
لانگ مارچ سے حکومتیں چلی جاتی ہیں:یوسف رضا گیلانی

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ  ن لیگ کو  حکومت بچانے کیلئے مفاہمت کو فروغ دینا چاہے ،عمران خان اور طاہر القادری سے مذاکرات کرنے چاہیں ورنہ لانگ مارچ سے حکومتیں بھی چلی جاتی ہیں۔ کشمیر ہاﺅس میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشر ف سے متعلق جو کہنا تھا وہ کہہ دیا، اپنے بیان پر قائم ہوں اور فرحت اﷲ بابر کے بیان کی وضاحت ضروری نہیں سمجھتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ہم نے مشرف کو قومی مفاہمت کے تحت اس ملک سے بھاگنے پر مجبور کیا ، پارلیمنٹ کی نسبت دیگر ادارے مضبوط ہوئے ہیں تاہم پارلیمنٹ لولی لنگڑی ہورہی ہے اور پاکستان میں جمہوریت مستحکم نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہاکہ 67 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے مدت پوری کی ،یہ بے نظیر بھٹو شہید کے خون اور آصف علی زرداری کی سیاسی مفاہمت کے تحت ممکن ہوا، نواز شریف زرداری کے درس کو اپنے لئے مشعل راہ سمجھیں۔ ہم نے حکومت بچانے کیلئے اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ سے مذاکرات کئے ،قومی مفاہمت کو فروغ دینے اور ڈائیلاگ کے سلسلے میں کسی جماعت کے ساتھ تفریق نہ برتی جائے، آج حکومت مساویانہ بنیادوں پر ممبران پارلیمنٹ کو فنڈز نہیں دے رہی، اپوزیشن تو ایک طرف حکومت کے ممبران اسمبلی بھی فنڈز سے مستفید نہیں ہورہے یہ پیسہ عوام کا ہے اور عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ٹائم کم ہے وہ آئی ڈی پیز کی بحالی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے تمام امور کو حتمی شکل دیں۔

مزید :

قومی -