فٹ بال ورلڈ کپ: جرمنی ارجنٹائن کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بن گیا

فٹ بال ورلڈ کپ: جرمنی ارجنٹائن کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بن گیا
فٹ بال ورلڈ کپ: جرمنی ارجنٹائن کو شکست دے کر عالمی چیمپئن بن گیا

  

ریوڈی جنیریو(مانیٹرنگ ڈیسک) فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں جرمنی نے ارجنٹائن کو1 - 0  سےشکست دے فتح کا تاج سر پر سج لیا ہے، جرمنی نے عالمی چیمپئن ہونے کا یہ اعزاز چوتھی مرتبہ اور24سال بعد دوبارہ جیتا ہے۔ میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹائن نے جرمنی کے خلاف ایک گول کرنے میں کامیابی حاصل کی تاہم ریفری نے اسے سائیڈ فاﺅل کی وجہ سے مسترد کر دیاجس کے باعث ارجنٹائن جرمنی کے خلاف برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ جرمنی کے کھلاڑیوں نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور گول کرنے کیلئے کئی بہترین حملے کئے تاہم کامیابی نہ ملی ۔پہلے ہاف میں جرمنی کے2کھلاڑیوں کو ییلو کارڈ دئیے گئے، کھیل کے 43ویں منٹ میں ارجنٹائن کے گول کیپر نے یقینی گول روک دیا،میچ کے پہلے ہاف کے آخری پندرہ منٹ میں میسی اپنے رنگ پر آنا شروع ہو گئے اور دو مرتبہ جرمنی کے گول پوسٹ کے قریب پہنچے لیکن گول نہ کر سکے۔ دوسرے ہاف کے59ویں منٹ میں ارجنٹائن کے گول کیپر نے جرمنی کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا جبکہ ارجنٹائن کے کھلاڑی کو ییلو کارڈ دیا گیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی کوئی گول نہ ہو سکا اور دونوں ٹیموں کی جانب سے تابڑ توڑ حملوں کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول نہیں کر سکی۔میچ کا مقررہ وقت کے ختم ہونے تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کوئی بھی گول نہ کر سکیں اور میچ برابر رہا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا، اضافی وقت میں دونوں ٹیموں کے دفاعی کھلاڑیوں نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں جرمنی کی جانب سے گوڈزے نے ارجنٹائن کے خلاف میچ کا پہلا گول کر دیا ۔ گوڈزے کے گول سے جرمنی نے ارجنٹائن پر 1-0 سے برتری حاصل کر لی جو اضافی وقت کے اختتام تک برقرار رہی اور میچ کے اس واحد گول نے فتح کا تاج جرمنی کے سر پر سجا دیا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ1990 کے فائنل میں میں بھی جرمنی نے ارجنٹائن کو1-0سے ہی ہرایا تھا اور اضافی وقت میں فیصلہ کن بننے والا ورلڈ کپ کا یہ پانچواں میچ ہے۔فٹبال کے عالمی مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی پرارجنٹائن کے لیونل میسی کوگولڈن بال ایوارڈ جبکہ جرمنی کے گول کیپر مینول نیور کو گولڈن گلف ایوارڈ دیا گیا ۔سنسنی خیز فائنل میچ دیکھنے کے لئے جرمن چانسلر اینجلا مرکل، روسی صدر ولادی میر پیوٹن، جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوم اور سابق فٹبالرڈیوڈ بیکھم کے علاوہ 2ہزار عالمی شخصیات بھی80ہزار شائقین کے ساتھ سٹیڈیم میں موجود تھے ۔

مزید :

کھیل -Headlines -