وزراءکو رمضان بازاروں سے’ چھٹی‘ نہ ملی ، دکانداروں کو وارننگ

وزراءکو رمضان بازاروں سے’ چھٹی‘ نہ ملی ، دکانداروں کو وارننگ

  

لاہور( پ ر ) وزیراعلیٰ کی ہدایت پر رمضان بازار میں عوام کو معیاری اشیاءکی کم قیمت پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے چھٹی کے روز بھی صوبائی وزراءنے رمضان بازاروں کے دورے کئے اور سٹالز پر موجود اشیائے خوردونوش کی دستیابی‘ معیار اور نرخ کو چیک کیا۔ صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین نے اسلامپورہ‘ شادمان‘ گلشن راوی‘ وحدت کالونی‘ برکت مارکیٹ‘ میاں پلازہ‘ دلی دروازہ‘ شاہدرہ کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہر دوگھنٹے کے بعد سٹالوں پر موجود پھل اور سبزیوں کی کوالٹی چیک کی جائے اور ناقص پھل و سبزیاں فوری طور پر ہٹا دی جائیں۔ صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے لاہور میں نشتر کالونی اور کاہنہ کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔ سٹالز پر موجود آلو‘ ٹماٹر‘ کیلے‘ سیب اور لیموں کے نرخ اور معیار کا جائزہ لیا۔ وزیرزراعت نے قصور میں مصطفی آباد اور ریلوے سٹیشن کے قریب رمضان بازار کا دورہ کیا اور صارفین سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی مشیربرائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے مکہ کالونی گلبرگ ‘ برکت مارکیٹ اور ماڈل ٹاﺅن رمضان بازاروں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے انتظامیہ کو رمضان بازاروں میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے اور غیر معیاری پھل اور سبزیاں سٹالوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ملک سلیم اقبال نے شاہدرہ اور بیگم کوٹ میں رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا ۔ انہوں نے غیرمعیاری پیاز دیکھ کر فوری طور پر پوری بوری تلف کرنے کا حکم دیا اور سٹال مالکان کو کڑی وارننگ دی۔ ملک سلیم اقبال نے نرخ نامے سٹالز پر نمایاں آویزاں کرنے کا حکم دیا۔ حمیدہ وحیدالدین نے گجرات ، ڈنگہ، کھاریاں ، لالہ وسیٰ اور جلال پور جٹاں کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا۔ارکان صوبائی اسمبلی میاں طارق محمود،عمران ظفر، معین نواز، اور نوابزادہ حیدر مہدی بھی ان کے ساتھ تھے۔

وزراءچھٹی

مزید :

صفحہ آخر -