کراچی مغوی بازیاب ایک مبینہ اغواءکار ہلاک دوسرا فرار

کراچی مغوی بازیاب ایک مبینہ اغواءکار ہلاک دوسرا فرار

  

                     کراچی(آن لائن)کراچی میں نادرن بائی پاس پر اے وی سی سی پولیس کی کاروائی ،مغوی بازیاب ،ایک مبینہ اغواءکار ہلاک اور ایک فرار ہوگیا ،شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے علیحدہ علیحدہ کاروائیوں میں 4مبینہ ملزمان کو مارنے کا دعویٰ ،13ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نادرن بائی پاس پر اے وی سی سی پولیس نے کارروائی کی۔پولیس کے مطابق کارروائی میں ایک مبینہ اغوا کار ہلاک، ایک گرفتار جبکہ ایک فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 29 جون کو اغوا ہونے والے مقامی ٹرانسپورٹ کے بیٹے کو بازیاب کرالیا گیا۔ ملزمان نے بازیابی کے لیے 2 کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا تھا۔دوسری جانب کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ٹارگٹ کلر ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ ادھر لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران مقابلے میں داود میمن اور عاصم ڈاڈا مارے گئے۔ ملزمان 20 سے زائد واردتوں میں ملوث تھے اور گینگ وار سے تعلق رکھتے تھے۔ پولیس کے مطابق بغدادی میں سرچ آپریشن جاری تھا کہ ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے، ملزمان سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔دوسری جانب رینجرز نے پرانی سبزی منڈی اور گارڈن عثمان میں کارروائی کے مجموعی طور پر 13 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق عثمان آباد سے گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم لیاری امن کمیٹی سے ہے۔جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی ملت ٹاون میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔پولیس کی مطابق لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جب کہ گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ چشتیاں نگر میں گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گردن میں گولی لگنے سے 21 سالہ عدیل جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں لیاری کے علاقے بغدادی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔لاش کی تاحلا شناخت نہ ہوسکی ۔پولیس نے لاش کو سول اسپتال منتقل کر دیا ہے۔قائد آباد کے علاقے جمعہ شاہ مزار کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق مقتول کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت ممکن ہوسکے۔ گلبہار کے علاقے میں میڈیکل اسٹور پر فائرنگ کی جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ملیر میمن گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ دوسری جانب کورنگی کے علاقے الیاس گوٹھ میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔جس کی لاش کو پولیس نے جناح اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

بازیاب 

مزید :

صفحہ آخر -