رمضان بازاروں کے دوروں پربے دریغ خرچ قابل مذمت ہے،نصیر احمد

رمضان بازاروں کے دوروں پربے دریغ خرچ قابل مذمت ہے،نصیر احمد

  

لاہور(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے صدر نصیر احمد، عمر حیات تبسم، علی سعید، توقیر اکرم، شبانہ اظہر چوہدری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت کے وزیر اعلیٰ ، وزیر، مشیر اور غیر منتخب مسلم لیگی لیڈر جتنا پیسہ رمضان بازار کے دوروں ، اخبار اشتہارات ، ہیلی کاپٹروں اور پروٹوکول پر خرچ کر رہے ہیں اس پیسہ سے ہزاروں خاندانوں کو چھ ماہ کا فری راشن دیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور وزیر ، مشیر صرف آدھے گھنٹے کی مسافت کو بھی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے طے کر رہے ہیں ہیلی کاپٹر کا صرف ایک گھنٹے کا خرچہ لاکھوں روپے ہوتا ہے اور جس شہر میں وزیر اعلیٰ ، وزیر ، مشیر رمضان بازاروں کو دورہ کرتے ہیں اس شہر کی تمام انتظامیہ بشمول پولیس انکے پروٹوکول ڈیوٹی میں لگ جاتی ہے اور تما م امور ٹھپ ہو جاتے ہیں، وزیر اعلیٰ ، وزیروں ، مشیروں کا روزانہ رمضان بازار کا دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ منافع خوروں ، ذخیرہ اندوزوں اور جرائم پیشہ افراد نے پنجا ب حکومت کا حکم ماننے سے صاف انکار کر دیاہے انہوں نے کہا کہ اگر رمضان بازاروں میں اشیاء سستی وزیرا علیٰ ، وزیر وں مشیروں نے ہی کروانی ہے تو مجسٹریٹ ، مارکیٹ کمیٹی ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں او ر پولیس کو برطرف کرکے ہر رمضان بازار میں کسی ایک وزیر ،مشیر کی ڈیوٹی لگا دینی چاہئے ، پنجاب حکومت رمضان بازاروں میں سستی اشیاء کے نام پر کروڑوں روپے کے اشتہارات دے کر قوم کے ٹیکس کی کمائی سے ذاتی تشہیر کر رہے ہیں جو کہ قومی خزانہ پر دن دہاڑے ڈاکہ ہے ، روزانہ ہیلی کاپٹروں ، اخبار اشتہارات ، وزیروں مشیروں کے رمضان بازار کے دوروں پر کروڑوں روپیہ خرچ کرنے کے باوجود پنجا ب حکومت رمضان بازاروں ، پرچون فروشوں اور منڈیوں میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ، لہذا پنجاب حکومت ہر شعبہ زندگی میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہو جائے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -