یوم انقلاب کی تاریخ کو بدلنا نا ممکن ہو گا ،قوم انتظار کرے ،ڈاکٹر طاہر القادری

یوم انقلاب کی تاریخ کو بدلنا نا ممکن ہو گا ،قوم انتظار کرے ،ڈاکٹر طاہر ...

  

                              لاہور (سٹاف رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ یوم انقلاب کی تاریخ کو بدلنا نا ممکن ہو گا۔قوم انتظار کرے تاریخ کا اعلان جلد ہو گا ۔حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ان کے اقتدار کی موت نوشتہ دیوار ہے۔انقلاب کی کال کے بعد لٹیرے اقتدار کے ایوانوں سے باہر ہوں گے ۔سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے تھانوں کا ریکارڈ بد لا جارہا ہے سب جانتے ہیں ایسا پنجاب کے چھوٹے نمرود کے حکم پر ہو رہا ۔حکومت بوکھلا کر باہر سے پیسہ آنے کی چھان بین پر لگی ہے ۔قوم حکمرانوں سے سوال کرتی ہے بیرون ملک سے پیسہ پاکستان لانا جرم ہے یا ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانا جرم ہے؟۔FBR اور IB اس قومی جرم پر متحرک کیوں نہیں ہوتے۔وہ فیصل آباد سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ کیا 14لاشیں گرانا اور 100افراد کو گولیوں سے چھلنی کرنا جمہوریت ہے؟کیا آئین پاکستان شہریوں کے قتل عام کی اجازت دیتا ہے ۔کیا آئین کہتا ہے کہ مقتولوں کی ایف آئی آر نہ کاٹی جائے ؟غریبوں کو حقوق دینے والے 40آرٹیکل معطل ہیں،حکمرانوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہےے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انقلاب 20کروڑ عوام کی آواز ہے اور یہ آ کر رہے گا ۔معصوم لوگوں کی لاشیں گرا کر یہ اقتدار بچا نہیں سکتے۔غریبوں کے محلے اجاڑنے والے اپنے محلات کو ہر گز نہ بچا سکیں گے ۔قوم انقلاب کی تیاری کرے لٹیروں کو اب جدہ یا کسی اور ملک میں جگہ نہیں ملے گی

مزید :

صفحہ اول -